اسلام آباد23ستمبر(آئی این ایس انڈیا\ ایس او نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہندوستان اور پڑوسی ملک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی میٹنگ رد ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ جموں وکشمیر کی ضلع شوپیاں میں جمعہ کو تین خصوصی پولیس افسران کو اغوا کرکے ان کو قتل کرنے اور جنگجو برہان وانی پر ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کیخلاف احتجاج میں ہندوستان نے یہ میٹنگ منسوخ کردی ہے۔
مسٹر خان نے ہفتے کو ٹویٹ کرکے کہا کہ امن مذاکرات پھرسے شروع کرنے کی ان کی تجویزپرہندوستان کے’متکبرانہ اور منفی ‘جواب سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’’اپنی پوری زندگی میں میں نے ادنیٰ لوگوں کو بڑے بڑے عہدوں پر قابض ہوتے دیکھا ہے، یہ لوگ بصارت سے عاری اور دوراندیشی سے یکسر محروم ہوتے ہیں۔‘‘قابل ذکر ہے کہ وزیرخارجہ سشما سوراج کی پاکستان کے ویزخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران میٹنگ ہونے والی تھی جسے پاکستان کے جنگجوؤں پر ڈاک ٹکٹ جاری کرنے اورکشمیرکے حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے پیش نظر ہندوستان نے رد کردیا ہے۔