ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کُردستان کو ایرانی دھمکی،اربیل نے مسترد کر دی!

کُردستان کو ایرانی دھمکی،اربیل نے مسترد کر دی!

Sun, 03 Jul 2016 18:07:20  SO Admin   S.O. News Service

دبئی3جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)تہران نے عراقی کردستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر اربیل حکومت نے ایرانی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کی مسلح کارروائیوں پرروک نہ لگائی تو اسے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ دھمکی ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر جنرل حسین سلامی کی زبانی سامنے آئی ہے۔ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی ، ایرانی کردستان میں موجود پاسداران انقلاب کی فورسزکے خلاف جھڑپوں کے سلسلے میں عراقی کردستان سے اپنی کارروائیاں کرتی ہے۔سلامی نے جمعے کے روز "یوم القدس" کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عراقی کردستان سے مطالبہ کیا کہ وہ "مسلح دہشت گرد عناصر" کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کوپوراکرے نہیں تو ایران خود یہ کام سرانجام دے گا۔سلامی نے کہا کہ " ہم علاقے میں کٹھ پتلی تنظیموں اور شمالی عراق کے سیاسی ذمہ داروں کو خبردار کررہے ہیں کہ وہ اپنی پابندیوں کی پاسداری کریں اس لیے کہ ہم بلا امتیاز ہر اُس نقطے کو تباہ و برباد کردیں گے جہاں سے ہمارے نظام کے خلاف خطرات نکلیں گے۔ایرانی عسکری ذمہ دار کی دھمکی کے جواب میں عراقی کردستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ " ہم ان دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں جو جنرل سلامی کو زیب نہیں دیتیں۔ ہمارے نزدیک یہ عراقی کردستان کی حکومت اور ایران کے درمیان پرانے دوستانہ تعلقات کے لیے مناسب نہیں۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے پاسداران انقلاب کی بری فوج کے کمانڈر محمد پاکپور نے عراقی کردستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ "مسلح دہشت گردوں کو کسی بھی علاقے میں" نشانہ بنایا جائے گا۔عراقی کردستان کا ردعمل کردستان کے وزیراعظم نیجیرفان بارزانی کی زبانی سامنے آیا ہے جنہوں نے ایرانی دھمکیوں پر اپنی گہری تشویش کااظہارکیا۔کردستان24ویب سائٹ کے مطابق بارزانی نے کچھ عرصہ قبل اربیل کا دورا کرنے والے ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد کو آگاہ کیا تھا کہ وہ کردستان میں سرحدی دیہاتوں پر ایرانی توپ خانوں کی گولہ باری پر پریشانی محسوس کرتے ہیں۔


Share: