پٹنہ 20ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی ) پٹنہ پولس نے ایک نجی اسکول کے پرنسپل اور ایک ٹیچر کو ایک گیارہ سالہ لڑکی کی کئی مہینوں سے عصمت دری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے جن کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ پرنسپل اور ٹیچر پانچویں کلاس کی طالبہ کو بلیک میل کرتے ہوئے بار بار اُس کا ریپ کررہے تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق عصمت دری کا یہ سنسنی خیز واقعہ اُس وقت سامنے آیا جب طالبہ آج جمعرات کو گھر پہنچنے کے بعد اُلٹیاں کرنے لگی اور پیٹ میں درد کی شکایت کی ۔ گھروالوں نے جب اُس کا میڈیکل چیک آپ کرایا تو پتہ چلا کہ وہ حاملہ ہے۔ پوچھ تاچھ کے بعد لڑکی نے جو کچھ بتایا، اُس سے گھروالوں کے ہوش اُڑگئے۔ معاملہ جب پولس کے سامنے پہنچا تو پولس بھی حیران رہ گئی کیونکہ ہر بچے کی پرورش اسکول سے شروع ہوتی ہے اور والدین اپنے بچوں کو اسکول جانے سے نہیں روک سکتے ۔ ماں کے بعد بچوں کی اولین تربیت گاہ اسکول ہی ہوتے ہیں۔
اسکول پرنسپل اور اسکول ٹیچر کی اس نیچ حرکت کے سامنے آنے کے بعد دیگر بچوں کے ساتھ ساتھ دیگر والدین میں بھی خوف طاری ہوگیا ہے ۔واقعے کی تصدیق ہوتے ہی پولس نے اسکول پرنسپل اور متعلقہ ٹیچر کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکی دو ماہ کی حاملہ ہے۔
پولیس کو حیرت کا دوسرا جھٹکا اُس وقت لگا جب انہوں نے دونوں ملزمان کا موبائل فون کھنگالا۔ وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ دونوں کے موبائل میں متاثرہ لڑکی کے ساتھ ان کی کئی تصویریں اور سیلفیاں تھیں۔
لڑکی نے بتایا کہ پرنسپل نے اُسے ہوم ورک دکھانے اور ہینڈرائنٹنگ دکھانے کے نام پر قریب نو ماہ قبل اپنے چمبر میں بلایا تھا، جہاں اُس نے اُس کا ریپ کیا، قریب ہی موجود ایک ٹیچر نے اس حرکت کو دیکھ کر اس کی وڈیو بنائی، بعد میں اُس نے بھی اس کا ریپ کیا۔ لڑکی کے مطابق بعد میں کئی بار دونوں نے اس کا باری باری ریپ کیا اور اُسے اس بات کی دھمکی دی کہ اگر گھروالوں کو واقعے کے تعلق کچھ بتایا تو موبائل پر لی گئی وڈیو وائرل کردی جائے گی۔ لڑکی نے پولس کو یہ بھی بتایا کہ اُسے پرنسپل نے کئی بار چاقو بھی دکھا کر اس کی عصمت کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔
واقعے کی جانکاری ملتے ہی پولس اسکول پہنچی اور پرنسپل کا چمپر کھنگالا، تو وہیں ایک الگ کمرہ بھی پایا گیا، جہاں اس لڑکی کے ساتھ ریپ کیا جاتا تھا، پولس نے متعلقہ کمرے سے چاقو بھی برآمد کیا ہے، ساتھ ساتھ موبائل میں بھی جانچ کے بعد متعلقہ وڈیو پائی گئی ہے۔
پھلواری شریف پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔ اس معاملے میں جانچ میں جُٹے سٹی ایس پی روندر کمار نے بتایا کہ ریپ کے اس معاملے میں تیز رفتار ٹرائل چلا کر ملزموں کو سزا دلائی جائے گی۔ پورے معاملے کی نگرانی پٹنہ ایس ایس پی کر رہے ہیں۔