نئی دہلی، 8؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد ٹیم انڈیا اس ٹیم سے یک روزہ اور ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی ٹکرانے والی ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوینٹی کیلئے تو تھوڑی مضبوط ٹیم منتخب کی ہے ، لیکن یک روزہ سیریز میں مہمان ٹیم نے اپنے اسکواڈ میں کافی غیر تجربہ کار کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے۔ ایسے میں اب مانا جارہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے سینئر کھلاڑی خاص کر جو تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں وہ یک روزہ سیریز میں آرام کریں گے۔ وراٹ کوہلی ، جسپریت بمبرہ ، بھونیشور کمار جیسے کھلاڑیوں کو آرام دیا جاسکتا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف یک روزہ میچوں کی سیریز میں اگر وراٹ کوہلی آرام کرتے ہیں ، تو روہت شرما ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں ۔ وہیں سلیکٹرس ویسٹ انڈیز کے خلاف انڈیا اے اور انڈیا بی میں کھیل رہے کھلاڑیوں کو بھی موقع دے سکتے ہیں ۔دراصل ویسٹ انڈیز سیریز ورلڈ کپ سے پہلے آخری ایسی سیریز ہے ، جس میں تجربہ کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے دورہ پر جائے گی اور اس کے بعد اس کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے ، جہاں ٹیم میں شاید ہی تجربہ کیا جائے ۔
ٹیم انڈیا کے سلیکٹرس نے اگر ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز میں تجربہ کیا تو کئی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکتا ہے ۔ ریشبھ پنت کو ون ڈے سیریز میں موقع دیا جاسکتا ہے ۔ ٹی 20 سیریز میں بھی وہ کھیل سکتے ہیں ۔ حالانکہ ٹیم انڈیا دھونی کو بھی ٹیم میں رکھے گی ، کیونکہ وہ ٹیسٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد سے کافی کم کرکٹ کھیل رہے ہیں ، جس کا اثر ان کی بلے بازی پر پڑ رہا ہے ۔ یہی نہیں سینئر کھلاڑی آر اشون کو بھی ایک مرتبہ پھر یک روزہ سیریز میں آزمایا جاسکتا ہے۔ کیونکہ اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں اشون کا تجربہ کافی کام آسکتا ہے۔