نئی دہلی،29 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)کسان تحریک کی مار پنجاب میں موبائل ٹاور پڑرہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست میں اب تک 1500 سے زیادہ موبائل ٹاوروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، متعدد جگہوں پر بہت سے موبائل ٹاوروں کی بجلی کاٹ دی گئی ہے اور تار کے بنڈل جلا دیئے گئے ہیں۔
یہ الزام لگایا گیا ہے کہ نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان اور ان کے اتحادی موبائل ٹاوروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس سے قبل کسانوں پر الزام تھا کہ وہ ریلائنس پٹرول پمپ، ریلائنس ریٹیل پر اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔
پنجاب میں گذشتہ دنوں بجلی کاٹنے، موبائل ٹاوروں کے برقی تار کاٹنے کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ کسانوں کا ماننا ہے کہ مکیش امبانی اور گوتم اڈانی کی فرمیں نئے زرعی قوانین کے سب سے زیادہ مستفید ہوں گی، لہٰذا کسان ان کمپنیوں کے وسائل پر اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے تک 1411 موبائل ٹاوروں کو نقصان پہنچا یاگیاہے پیر کے روز یہ تعداد 1500 کو عبور کر چکی ہے۔ جالندھر میں جیو کی تاروں کو جلایا گیا۔
ریاست میں جیو کے 9000 موبائل ٹاور ہیں۔ بیشتر ٹاورز کی بجلی فراہمی بند کی جارہی ہے۔ ایک جگہ کچھ لوگوں نے موبائل ٹاور کے لئے لگائے جنریٹر بھی کھینچ کر لے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اب تک 433 موبائل ٹاوروں کی بھی مرمت کی ہوچکی ہے، لیکن صورتحال اس وقت خراب ہوگئی جب کچھ مظاہرین نے ٹاور کی نگرانی کرنے والے ملازمین کو دھمکی دی۔ اعداد و شمار کے مطابق خراب موبائل ٹاوروں کی تعداد تین دن میں دوگنی ہوگئی۔
25 دسمبر کو مسمار ہونے والے ٹاورز کی تعداد 700 تھی، اب یہ تعداد بڑھ کر 1504 ہوگئی ہے۔