بنگلور 23ستمبر (پریس ریلیز؍ایس او نیوز) ویمن انڈیا موؤمنٹ (Women India Movement) نے 23ستمبر 2018تا 8 مارچ 2019 " خواتین پر تشدد بند کرو " اور "ّ آئیے ہمارے تحفظ کیلئے لڑائی لڑیں " کے نعروں کے تحت ایک ملک گیر مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے لئے ملک کی خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ملک گیر تحریک میں شامل ہوکر اپنے حالات بدلنے اور اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے کمر بستہ ہوجائیں۔
پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی جنرل سکریٹری شاہدہ تسنیم نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ خواتین کو ملک میں سماجی تبدیلی لانے کیلئے کام کرنا چاہئے۔خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے حقوق کی حصولیابی کیلئے جدوجہد کریں اور سماج میں بنیادی اور انقلابی تبدیلی لانے کیلئے خود کو بااختیار بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں خواتین جن خطرناک حالات اور صورتحال سے گذررہی ہیں اس کے مدنظر ویمن انڈیا موؤمنٹ (Women India Movement) نے 23ستمبر 2018تا 8مارچ 2019 کو ایک ملک گیر مہم کا انعقاد کررہی ہے۔اس مہم کا افتتاحی پروگرام بتاریخ 23ستمبر 2018کو جے محل پالنہ بھون میں بوقت 4:30 بجے ہوگا۔
ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر یاسمین فاروقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد، عصمت دری،خانگی تشدد،ہراسانی،جنسی تشدد اور قتل ،خواتین کی خراب صحت عامہ،تعلیمی پسماندگی،سماجی بائیکاٹ،نفسیاتی تشدد،حراستی عصمت دری اور خواتین کو آزادی سے محروم کرنے جیسے مظالم بڑھتے جارہے ہیں۔ حکومتیں ترقی پسند اور اختلاف رائے رکھنے والی خواتین کو خاموش کرنے کی خطرنا ک اقدامات اور اقلیتی طبقات کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کیلئے ظالمانہ قوانین متعارف کر رہی ہیں۔ ملک میں خواتین ، دلتوں اور قبائیلیوں پر مظالم ڈھایا جارہا ہے۔
ویمن انڈیا موؤمنٹ (WIM) کی عہدیداران نے اخباری کانفرنس میں پچھلے 4سالوں کے (National Crime Record Bureau) کے اعداد وشمار کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف ریاستی حکومتوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں نے ملک میں خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم کو روکنے اور خواتین کے قابل رحم حالات کو سدھارنے کیلئے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے۔
پریس کانفرنس میں مغربی بنگال، راجستھان، تمل ناڈو، کیرالہ اور کرناٹک کی خواتین لیڈرس موجود تھیں۔
ویمن انڈیا موؤمنٹ (WIM) کے تعلق سے پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ یہ ایک ایسی تنظیم ہے جو خواتین میں سماجی ،تعلیمی اور سیاسی شعور پیدا کرنے کیلئے زمینی سطح پر کام کررہی ہے۔ویمن انڈیا موؤمنٹ اس مقصد کے ساتھ کام کررہی ہے کہ خواتین میں سماجی تبدیلی آئے اور ان کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلو ک کا خاتمہ ہو اور سماجی ، سیاسی اوراقتصادی شعبوں میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی حصولیابی اور تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کو تمام شعبوں میں مساوی نمائندگی حاصل ہوسکے۔