نئی دہلی، 4؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)جسٹس رنجن گوگوئی نے چہارشنبہ کو چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) کی حیثیت سے حلف لیا۔وہ شمال مشرق سے تعلق رکھنے والے پہلے چیف جسٹس ہیں۔ صدرجمہوریہ نے انہیں راشٹرپتی بھون میں حلف دلایا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزر ا نے شرکت کی۔ جسٹس گوگوئی‘ سپریم کورٹ کے 46 ویں چیف جسٹس ہیں۔ انہوں نے جسٹس دیپک مشرا کی جگہ لی ہے جو 2 اکتوبر کو سبکدوش ہوگئے۔ وہ 13 ماہ 15 دن (17 نومبر 2019 تک) یعنی 65 برس کے ہونے تک چیف جسٹس رہیں گے۔ غور طلب ہے کہ جسٹس گوگوئی‘ سپریم کورٹ کے ان 4 سینئر ترین ججس میں ایک ہیں جنہوں نے جسٹس مشرا کے خلاف جنوری میں بغاوت کی تھی۔ انہوں نے بنچوں کی تشکیل کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کرکے جسٹس مشرا کو نشانہ تنقید بنایا تھا۔ جسٹس گوگوئی نے بار کونسل میں اپنا اندراج 1978 میں کرایا تھا۔ انہوں نے گوہاٹی ہائی کورٹ میں پریکٹس کی تھی۔ 28 فروری 2001 کو وہ گوہاٹی ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے تھے۔ 9 ستمبر 2010 کو ان کا تبادلہ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ ہوا تھا اور 12 فروری 2011 کو وہ اس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے تھے۔ وہ 23 اپریل 2012 کو سپریم کورٹ کے جج بنے تھے۔ 2 کروڑ 60 لاکھ کیسس ملک میں زیرالتوا ہیں۔ تحت کی عدالتوں میں ہر چوتھی جائیداد خالی ہے۔ ہائی کورٹس میں لگ بھگ نصف جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ نئے چیف جسٹس پر کام کا کافی بوجھ ہوگا۔ انہوں نے سابق میں کہا تھا کہ کیسس کے زیرالتوا رہنے سے ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ ایسا ہی رہا تو نظام عدلیہ بے معنی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے نمٹنے کا ان کے پاس ایک منصوبہ ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب 63 سالہ جسٹس رنجن گوگوئی نے راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں مختصر تقریب میں انگریزی میں گاڈ کے نام پر حلف لیا۔ کئی قائدین بشمول وزیراعظم مودی‘ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا اس موقع پر موجود تھے۔ اپوزیشن قائدین ملیکارجن کھڑگے (کانگریس) ‘ سدیپ بندھوپادھیائے اور ڈیرک اوبرائن (ٹی ایم سی) بھی موجود تھے۔ جسٹس رنجن گوگوئی آسام کے دبرو گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی تاریح پیدائش 18 نومبر 1954 ہے۔