ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / موصل : عراقی فورسز کی پیش قدمی ، داعشی عناصر فرار

موصل : عراقی فورسز کی پیش قدمی ، داعشی عناصر فرار

Mon, 15 May 2017 17:18:28  SO Admin   S.O. News Service

بغداد،15مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کے شہر موصل میں انسداد دہشت گردی فورس نے العریبی اور الرفاعی کے علاقوں پر دھاوا بول دیا جس کے بعد وہاں شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران فوری ردّ عمل کی فورس اور فوج کے انیس ویں بریگیڈ نے الاقتصادین کے علاقے پر حملہ کرنے کے علاوہ داعش کے آخری خطرناک ترین گڑھ شمار کیے جانے والے علاقے "17 تموز" کے جنوبی اور شمالی حصوں پر بھی دھاوا بول دیا۔وفاقی پولیس کے کمانڈر نے بتایا کہ ہم نے گولہ بارود سے بھری 40 گاڑیوں کو تباہ کر دیا اور داعش کے 173 جنگجوؤں کو ہلاک کر ڈالا جن میں تنظیم کے اہم کمانڈر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تنظیم کے 60 نمایاں ارکان اپنے خاندانوں کے ہمراہ بدحواسی کے عالم میں مذکورہ علاقے سے فرار ہو گئے۔ ادھر عراقی فورسز نے علاقے پر دھاوا بولنے کے چند گھنٹوں بعد شدید لڑائی کے باوجود وہاں سے چار ہزار سے زیادہ شہریوں کو نکال لیا۔موصل میں لڑائی کے 210 روز گزر جانے کے بعد داعش تنظیم کے زیرِ قبضہ علاقے چند محلّوں تک محدود رہ گئے ہیں۔ عراقی سرکاری ذرائع کے اعلان کے مطابق موصل شہر کے90 فی صد سے زیادہ حِصّے پر کنٹرول حاصل کیا جا چکا ہے۔ ان میں مشرقی موصل کے تمام علاقے اور مغربی موصل کے تقریبا 80 محلے شامل ہیں۔دوسری جانب انبار صوبے میں پیر کے روز عراقی سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ مغربی شہر حدیثہ میں بارودی بیلٹیں باندھے ہوئے داعش تنظیم کے 3 خود کش بمباروں کو ہلاک کر دیا گیا۔


Share: