چنئی ،23؍ ستمبر (آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) ہندوستان کے عظیم ٹینس کھلاڑی وجے امرت راج نے کہا کہ ملک کو اگر دنیا میں ایلیٹ گروپ میں شامل ہونا ہے تو اسے بہترین سنگلز کھلاڑیوں کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کو حال میں ڈیوس عالمی گروپ پلے آف میچ میں سربیا سے 0-4 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور امرت راج کو لگتا ہے کہ ملک میں بہترین سنگلز کھلاڑیوں کی کمی ہے۔امرت راج نے کہاکہ پوری توجہ ہندوستان کے لیے ایک کھلاڑیوں کو تیار کرنے پر ہونی چاہئے۔ہمارے پاس چار اچھے سنگلزکھلاڑی ہونے چاہئے۔اچھا ڈبلزکھلاڑی ہونے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ہمارے پاس اتنی تعداد میں اچھے سنگلز کھلاڑی نہیں ہیں اس لئے ہم ایلیٹ گروپ کے لئے کوالیفائی نہیں کر پاتے۔ہندوستان ابھی 18 ٹیم کے ڈیوس کپ فائنلس کیلئے کوالیفائی کرنے کی مہم کے تحت اگلے سال فروری میں 24 ٹیم کی کوالیفائنگ مقابلے (ملکی اور غیر ملکی سرزمین کی شکل میں) میں کھیلے گا۔رام کمار رامناتھن اور یوکی بھامبری جیسے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں نے اچھی کارکردگی کی ہے لیکن انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔امرت راج نے کہاکہ یوکی نے کافی اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ اب بھی پورے ایک سال نہیں کھیل پاتے۔وہ پورا سیشن کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہے، یہی فکر کی بات ہے۔ اسے اپنی فٹنس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اسی طرح رامکمار نے کچھ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کی ہے، وہ نیوپورٹ کے فائنل میں پہنچا لیکن اسے بھی کافی فٹ ہونے کی ضرورت ہے۔