ریاض، 9جنوری (آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب نے پر فضا مقام العلا میں پانچ جنوری کو ہونے والی 'خلیج تعاون کونسل سمٹ' کےموقعہ پر سعودی عرب نے قطر کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا۔ سعودی حکومت کی طرف سے قطری باشندوں کی مملکت میں داخلے کے لیے بہت سی شرائط کو ختم کردیا گیا ہے تاہم کرونا وبا کے پیش نظر ضروری تدابیر کے تحت قطری شہریوں کو چند شرائط پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔
اس حوالے سے قطری باشندوں کو سعودی عرب میں داخلے سے قبل اپنے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی ایک تازہ رپورٹ پیش کرنا ہوگی جس سے ان کے وبا سے محفوظ ہونے کا ثبوت مل سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں سعودی عرب میں داخلے سے قبل'پی سی آر' ٹیسٹ اور تین یا سات دن کے لیے گھر میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔
'پی سی آر' ٹیسٹ میں انسانی سانس کے نمونے کا مالیکیولی حیاتیات کا تجزیہ کیا جاتا ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ آیا سانس میں وائرس کا وجود ہے یا نہیں۔
اس شرط کے نفاذ میں آسانی کے لیے وزارت صحت نے قطر کے ساتھ سلویٰ بارڈر کراسنگ پر طبی ٹیمیں مہیا کی ہیں۔ سعودی عرب میں داخل ہونے سے قبل پہنچنے والوں کی جانچ کرنے کے بعد مسافروں سے عہد لیا جاتا ہے کہ وہ اپنی قیام گاہ پر مقررہ وقت تک قرنطینہ کریں گے تاکہ طبی عملے اور دیگر افراد کو وبا کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
خیال رہےکہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان سرحدیں کھولنے کا فیصلہ 41 ویں خلیج تعاون کونسل سربراہ کانفرنس کے موقعے پر پانچ جنوری کو کیا گیا تھا۔