ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں جے ڈی ایس کا وجود نہیں ہے۔ آئندہ لوک سبھا میں کانگریس کا ہی امیدوار ہوگا۔ دیشپانڈے کا بیان

ضلع شمالی کینرا میں جے ڈی ایس کا وجود نہیں ہے۔ آئندہ لوک سبھا میں کانگریس کا ہی امیدوار ہوگا۔ دیشپانڈے کا بیان

Mon, 22 Oct 2018 17:39:21  SO Admin   S.O. News Service

سرسی 22؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریوینیو اور ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے کہا ہے کہ ضلع شمالی کینرا میں جنتا دل ایس کا کوئی وجود نہیں ہے، بلکہ کانگریس پارٹی ضلع میں پوری طرح مستحکم ہے۔ اس لئے آئندہ لوک سبھا انتخاب میں یہاں سے کانگریس کا امیدوار ہی میدان میں اتارا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس اور جے ڈ ی ایس مشترکہ طور پر بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے امکانات پر بات چیت آگے بڑھ رہی ہے۔ اس پس منظر میں ظاہر ہے کہ سیٹوں کا بٹوارہ پارٹی پوزیشن دیکھ کر ہی کیا جائے گا۔ ایسے میں سیاسی جانکاروں کا کہنا ہے کہ جے ڈی ایس لیڈر اور سابق وزیر آنند اسنوٹیکر جو ضلع شمالی کینرا سے جے ڈی ایس امیدوار بننے کا  جو خواب دیکھ رہے ہیں ، ان کے لئے دیشپانڈے نے اپنے بیان سے ایک تازہ جھٹکا دیا ہے۔

آر وی دیشپانڈے نے سرسی میں ایک نجی پروگرام میں شرکت کے موقع پراخباری نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس کے امیدوار کے بطور اگر آنند اسنوٹیکر میدان میں مقابلے کے لئے اترنا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے ، مگر اس سے قبل ریاست کی سیاسی پوزیشن سمجھ لینا ضروری ہے۔ضلع میں چونکہ کانگریس طاقتور اور مستحکم ہے اس لئے یہاں سے کانگریسی امیدوار انتخاب لڑے گا تو جے ڈی ایس کو اس کی حمایت کرنی ہوگی۔ضلع شمالی کینرا میں کانگریس جیسا استحکام جے ڈی ایس کو حاصل نہیں ہے۔اس لئے یہاں سے کانگریس امیدوار کو ہی انتخاب میں اتارا جانا چاہیے۔اس طرح کی بہت ساری باتیں ہیں جسے آننداسنوٹیکر کو سمجھ لینا چاہیے۔


Share: