دمشق3جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)باغیوں کے زیرقبضہ ایک علاقے پر شام کی سرکاری فورسز کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ کے نتیجے میں کم ازکم30افرادہلاک ہو گئے ہیں۔ شامی دارالحکومت دمشق سے60کلومیٹر شمال مشرق میں واقعے جیرود کے علاقے پر سرکاری فورسز کی شیلنگ کا آغاز ہفتے کی شب ہوا۔ ایک فوجی بیان کے مطابق شامی فوج کے ایک پائلٹ کو اپنے جہاز کی تباہی سے قبل فضا میں ہی اس طیارے سے ہنگامی طور پر چھلانگ لگاناپڑ گئی تھی تاہم وہ شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے زیرقبضہ ایک علاقے میں گرا اور اسے بعد میں قتل کر دیا گیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق گزشتہ دو برس میں جیرود کے علاقے کوپہلی مرتبہ اس طرح بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔