ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شام میں ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

شام میں ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

Wed, 30 Dec 2020 17:41:09  SO Admin   S.O. News Service

دبئی ، 30دسمبر (آئی این ایس انڈیا)شام میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت دمشق کےقریب ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ دوسری طرف شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق شام کے محکمہ دفاع نے اسرائیلی طیاروں پر جوابی گولہ باری کی۔

ذرائع کے مطابق بمباری میں دمشق کے مغرب میں النبی ھابیل کے مقام پر الزبدانی میں ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

درایں اثنا شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے 'سینیر آبزر ویٹری' نے بتایا ہےکہ اسرائیلی طیاروں نے فضائی محکمہ دفاع کےدمشق میں قائم ہیڈ کواٹر اور ایرانی ملیشیاوں کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

آبزر ویٹری کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے گذر کر شام میں کارروائی کی اور دمشق کے مغرب میں لبنان کی سرحد کے قریب ایرانی ملیشیائوں کے ٹھکانوں پر متعدد میزائل داغے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اسرائیل نے دمشق میں ایران کے ایک ریسرچ سیںٹر، دفاعی سامان تیار کرنے والے ایک کارخانے اور اسلحہ کے گودام پر بمباری کر کے انہیں تباہ کر دیا تھا۔

انسانی حقوق مرکز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے بعد ایمبولینسوں کو علاقے میں جاتے دیکھا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا تازہ بمباری میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق شامی ڈیفنس فورس نے اسرائیلی طیاروں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ ٹی وی چینل کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حماۃ کے قریب مصیاف کے مقام پر بمباری کی کوشش کی تھی۔


Share: