سری نگر21ستمبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) بزرگ علیحدگی پسند راہنما اور حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے محرم الحرام کے سلسلے میں سری نگر میں نکالے جارہے تاریخی ماتمی جلوسوں پر پابندی لگانے، عزاداروں کے خلاف بقول ان کے طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور انہیں گرفتار کرکے تھانوں میں بند کرنے کو مداخلت فی الدین اور ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت امرناتھ یاترا اور ہندوبھائیوں کے دوسرے تہواروں کے موقعے پرنہ صرف ہرطرح کی سہولیات بہم پہنچاتی ہے، بلکہ وہ اس کی حفاظت کے لیے پوری انتظامی مشینری کو متحرک کرتی ہے۔حریت راہنما نے انجمن شرعی شیعیان کے آغا سید احمد الموسوی اور تحریک وحدت اسلامی کے چیرمین نثارحسین راتھر کی قیادتوں میں جلوس عاشوراپرلگی پابندیوں کے باوجود آبی گزر سے نکالے گئے جلوس پر پولیس انتظامیہ کی طرف سے بقول ان کے بے تحاشا طاقت استعمال کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان مذہبی قائدین کو کوٹھی باغ تھانہ میں مقید کئے جانے کے علاوہ امتیاز حیدر، عملی محمد راتھر، شبیر حسین ڈار، سمیت سینکڑوں عزاداروں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے جو کہ سراسر ایک آمرانہ اور غاصبانہ کارروائی ہے۔