دہلی 21ستمبر (ایس او نیوز) دہلی، امروہہ اور لکھنو سمیت ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس موقع کا اہتمام حق کی سربلندی کے لئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہُ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں کیا جا تا ہے۔محرم الحرام کے روایتی جلوس اور عزاداری کے اہتمام کے ساتھ دہلی میں شہر کے کئی علاقوں سے تعزیئے نکالے گئے جو جور باغ میں شاہ مرداں تک گئے۔کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
لکھنو، امروہہ، کلکتہ، پٹنہ،حیدرآباد ،ممبئی اور دوسرے مقامات سے بھی یوم عاشور پورے عقیدت اور احترام سے منائے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے مساجد، امام باڑوں اور دیگر مقدس مقامات پر مجالس عزا منعقد کی گئی ہیں ، جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہُ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں۔عزاداری کا سلسلہ ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جاری ہے۔
واضح رہے کہ آج ہی کے دن 680 عیسوی میں حضرت امام حسین علیہ السلام کربلا کے میدان میں اپنے رفقا کے ساتھ شہادت پیش کی تھی۔ سانحہ کربلا یا واقعہ کربلا موجودہ عراق میں کربلا کے مقام پر پیش آیاتھا۔ مشہور عام تاریخ کے مطابق حسین ابن علی کے ساتھ 72 ساتھی، کچھ غلام، 22 اہل بیت کے جوان اور خاندان نبوی کی کچھ خواتین و بچے شامل تھے۔