بھٹکل یکم ؍اکتوبر(ایس او نیوز)بھٹکل ٹاؤن میونسپل کاؤنسل کا عام اجلاس صدر کاؤنسل جناب مٹا صادق کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس موقع پر کاؤنسلر وینکٹیش نائک نے یہ مسئلہ اٹھایا کہ میونسپالٹی کی دکانوں کی نیلامی کے وقت جن دکانداروں نے نیلامی میں حصہ لینے کے لئے رقم ڈپازٹ کی تھی وہ اب تک واپس نہیں لوٹائی گئی۔ وینکٹیش نائک کا کہنا تھا کہ گزشتہ عام اجلاس میں رقم واپس کرنے کے سلسلے میں تجویز منظور کرکے ضلع انتظامیہ کو بھیج دی گئی تھی، لیکن اب تک اس تعلق سے کوئی ردعمل موصول نہیں ہوا ہے۔دکانداروں کی جمع رقم واپس نہ لوٹانا کوئی اچھی بات نہیں ہے ۔ اگر دکاندار کرایہ جمع کروانے میں تاخیر کرتے ہیں تو بلدیہ کی طرف سے ان پر جرمانہ لگایا جاتا ہے۔ اور اب بلدیہ والے رقم واپس کرنے میں اس طرح کی تاخیر کریں تو کیسے درست ہوسکتا ہے۔
وینکٹیش نائک نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میٹنگ میں اس مسئلے پر سوال اٹھایا گیاتھا جواب دیاگیا کہ متعلقہ ریکارڈ ٹرانسفر ہونے والے افسران اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ تلاش کرنے پر وہ تما م ریکارڈ بلدیہ دفتر میں ہی موجود ہے۔اس پر جواب دیتے ہوئے چیف آفیسر نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کورقم لوٹانے کے تعلق سے ایک آخری بار یاددہانی والا مراسلہ بھیجا جائے گا۔دیگر کاؤنسلرس نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضلع انتظامیہ کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوتا ہے تب بھی جمع شدہ رقم دکاندروں کو واپس لوٹائی جانی چاہیے۔
کاؤنسلر پاسکل گومز نے افسران کی توجہ اس طرف دلائی کہ بلدیہ حدود میں اسٹریٹ لیمپس کے جوڑ اور ڈھکن جدا ہوکر گر رہے ہیں۔ انہیں جلد درست کرنے کی ضرورت ہے۔کاونسلرس نے یہ مسئلہ بھی اٹھایا کہ ہیسکام والے جب اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے بدلتے ہیں تو پرانے کھمبوں پر موجود لائٹس بھی اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ اس بارے میں محکمہ ہیسکام کو تحریری شکایت بھیجنے پر زور دیا گیا۔بلدیہ دفتر کے امور کے سلسلے میں ڈاٹا اینٹری آپریٹرکاکام بیرونی ٹھیکہ پر دینے کے لئے دوبارہ ٹینڈرطلب کرنے کو بالاتفاق منظوری دی گئی۔سال 2018-19کے 7.25% زمرے میں گیس کنکشن فراہم کرنے کی فہرست منظورکی گئی۔ شہر میں آوارہ کتوں سے عوام کوہونے والی پریشانیوں کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کے لئے کاؤنسلرس نے مشورے دئے۔
اجلاس میں نائب صدر کے ایم اشفاق، اسٹانڈنگ کمیٹی چیر مین قیصر محتشم، کاؤنسلرس ، چیف آفیسر وینکٹیش ناؤڈا،ہیلتھ آفیسر سوجیا سومن ااور دیگر افسران حاضر تھے ۔