ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اجے کمارللوکاالزام ،گاندھی کے مجسمے پرخراج عقیدت کی اجازت نہیں ملی

اجے کمارللوکاالزام ،گاندھی کے مجسمے پرخراج عقیدت کی اجازت نہیں ملی

Tue, 29 Dec 2020 10:52:18  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ،29؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للونے پیر کو ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھانے سے روکنے کا الزام عائد کیا ہے اور کانگریس کارکنوں کے ساتھ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔

یہاں اجے کمار للوریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر میں کارکنوں کے ساتھ بیٹھے ہیں۔اجے کمار للو نے کہا ہے کہ مجھے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کومالاپہنانا تھا لیکن پولیس نے جانے نہیں دیا۔ اجے کمارللو نے ٹویٹ میں کہاہے کہ یوم تاسیس کے موقع پر، مہاتما گاندھی کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کرنے جارہے تھے لیکن اترپردیش کی متکبرحکومت نے پولیس فورس کااستعمال کرکر روک دیا۔ گاندھی جی کے ملک میں ہم گاندھی جی کے مجسمے پر پھولوں کاخراج عقیدت پیش نہیں کرسکتے ہیں۔ یہ کیسی جمہوریت ہے؟ اترپردیش میں ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے۔

دوسری طرف لکھنؤکے ڈپٹی کمشنر پولیس سومن ورمانے بتایاہے کہ ہم نے ریاستی صدر سے دو چار لوگوں اور مالا کے ساتھ جانے کو کہا، لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔ چونکہ کوویڈ کی وجہ سے ہجوم کی اجازت نہیں ہے اور ہائی کورٹ نے بھی روک دیا ہے، لہٰذا بھیڑکوجانے سے روکا گیا۔


Share: