غازی آباد، 4؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) دہلی سے ملحق غازی آباد میں آج صبح سے ہونے والی بارش کی وجہ سے مراد نگر کے علاقہ میں شمشان گراؤنڈ میں چھت گر گئی۔ اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ غازی آباد کے ضلعی مجسٹریٹ اجے شنکر پانڈے نے یہ اطلاع دی۔ ملبے سے 30 سے زائد افراد کو نکال لیا گیا۔
وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 2-2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی میرٹھ زون پروین کمار نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ دراصل یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لوگ شمشان میں آخری رسومات میں آنے والے لوگ بارش سے بچنے کے لئے اس چھت کے نیچے کھڑے تھے۔ اسی دوران یہ چھت گر گئی اور وہاں کھڑے لوگ اس کے نیچے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی علاقے میں ہلچل مچ گئی، پولیس اور محکمہ کی دیگر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے امدادی کاروائی کی۔ معلومات کے مطابق اس شمشان خانہ کی چھت چار ماہ قبل تعمیر کی گئی تھی۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعے پر اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کے رشتہ داروں میں سے ہر ایک کو 2 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ ڈویژنل کمشنر میرٹھ اور اے ڈی جی میرٹھ زون کو واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ یوگی نے چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی کلکٹر اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی اور بچاؤ کے کام انجام دیں۔
وزیر اعلی نے کہا ہے کہ واقعے سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جانی چاہئے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کے مناسب علاج کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔