کنداپور، 7 / جون (ایس او نیوز) کنداپور - شیموگہ ریاستی ہائی وے پر ہولیکل گھاٹ کے علاقے میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک پرائیویٹ بس میں آگ بھڑک اٹھی ، مگر خوش قسمتی سے تمام مسافر جسمانی نقصان سے محفوظ رہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ہولیکل گھاٹ پر زمین کھسکنے کی وجہ سے موٹر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ اس دوران ساگر سے آنے والی ایک پرائیویٹ بس نے مسافروں کو چندیکمبا مندر کے پاس اتار دیا ۔ دوسری بس جو بالیبرے گھاٹ سے 17 مسافروں کو لے کر اڈپی کی طرف جانے کے لئے نکلی، تو محض 300 میٹر کی دوری طے کرتے ہی اس میں آگ لگ گئی ۔
آگ نظر آتے ہی ڈرائیور اور کنڈکٹر نے فوری کارروائی کی اور تمام مسافروں کو بس سے اتار دیا اور بس کو ایک محفوظ مقام تک لے جایا گیا ۔ مسافروں کے بس سے نکلتے ہی چند لمحوں کے اندر دھویں اور شعلوں نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
اس واقعہ کے بعد کچھ دیر کے لئے گھاٹ پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پوری طرح بند رہی ۔ بعد ازاں مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے سڑک پر سے رکاوٹیں ہٹائیں اور ٹریفک کے لئے راستہ کھول دیا ۔