ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ کے کینی میں تجارتی بندرگاہ کے خلاف پرامن احتجاج - سمندر میں کشتیوں اور ساحل پر انسانوں کی زنجیر

انکولہ کے کینی میں تجارتی بندرگاہ کے خلاف پرامن احتجاج - سمندر میں کشتیوں اور ساحل پر انسانوں کی زنجیر

Thu, 13 Mar 2025 13:19:09    S O News

انکولہ ،13 / مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے کینی میں نجی اور سرکاری اشتراک سے بننے والی گرین فیلڈ تجارتی بندرگاہ کے خلاف ماہی گیروں اور عوام نے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق بازو پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے ماہی گیروں اور مقامی افراد نے ایک طرف سمندر میں کشتیوں کی زنجیر بنائی تو دوسری طرف ساحل پر انسانی زنجیر تشکیل دیتے ہوئے ایک منفرد انداز میں احتجاج درج کروایا ۔ 
    
چونکہ مجوزہ گرین فیلڈ بندرگاہ کے علاقے کینی اور بیلے کیری میں 15 مارچ تک امتناعی احکامات نافذ ہیں اس لئے تمام ماہی گیروں نے بیلے کیری سمندری ساحل کے قریب احتجاجی مظاہرا کیا ۔ کنارے پر خواتین اور نوجوانوں نے ساحلی کنارے پر انسانی زنجیر تشکیل دی تو ہزاروں مرد ماہی گیروں نے سمندر کے اندر کشتیوں کی قطار لگاتے ہوئے زنجیر بنائی ۔ 
    
انکولہ شہر سمیت تعلقہ کے اطراف میں سبھی گاوں قصبوں میں بطور احتجاج مچھلیوں کی خرید و فروخت بند رکھتے ہوئے تمام مچھلی فروش خواتین نے احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا ۔ 
    
بیلے کیری ساحل کے اطراف سیکڑوں پولیس اہلکار اور افسران، فائر سروس کا عملہ، کوسٹ سیکیوریٹی پولیس کے علاوہ محکمہ ریوینیو کے افسران و اہلکاروں اور محکمہ صحت کے عملے نے حفاظتی بندوبست میں حصہ لیا ۔ 
    
سمندر میں احتجاج میں حصہ لے رہی ایک ماہی گیر کشتی کے دستاویزات پولیس نے اپنے قبضے میں لیے تو بقیہ کشتیوں نے کوسٹل سیکیوریٹی پولیس کے کشتی کا محاصرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لئے سمندر میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا ۔ اس کے بعد جب ضبط کیے گئے کاغذات پولیس نے واپس لوٹائے تو ماحول قابو میں آ گیا ۔
    
اس انوکھے احتجاج کی خاص بات یہ رہی کہ سیکڑوں کشتیوں سوار ماہی گیروں نے سمندر میں ہی موقع پر پہنچنے والی اسسٹنٹ کمشنر کلیانی کامبلے کے مجوزہ بندرگاہ کی تعمیر کے خلاف احتجاج اور اس منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا میمورنڈم پیش کیا ۔


Share: