ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : کمشنریٹ حدود میں 2024 کے دوران سائبر فراڈ کے 134 معاملے - متاثرین نے گنوائے 40.46 کروڑ روپے

منگلورو : کمشنریٹ حدود میں 2024 کے دوران سائبر فراڈ کے 134 معاملے - متاثرین نے گنوائے 40.46 کروڑ روپے

Mon, 30 Dec 2024 18:58:04  Office Staff   S.O. News Service

منگلورو ،30 / دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو کمشنریٹ حدود میں سال 2024 کے دوران جملہ 134 سائبر فراڈ کے معاملے درج ہوئے جس میں دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں نے کُل 40.46 کروڑ روپے گنوائے ۔ 
    
پولیس کمشنر انوپم اگروال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ " فریب کاری کا شکار ہونے والے افراد کے  بینک اکاونٹ سے اڑائے گئے 40,46,75,639 روپوں میں سے 9,32,54,814 روپے رقم ٹرانسفر کرنے کے دوران بلاک کر دئے گئے اور  2,55,45,764 روپے شکایت کنندگان کو واپس لوٹائے گئے ۔ ان جرائم سے متعلقہ معاملات میں 42 افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ۔"
    
انہوں نے کہا کہ فریب دہی کے جتنے معاملات پیش آئے ان میں سے 62 شکایتیں سی ای این پولیس اسٹیشن میں رجسٹر کی گئیں جبکہ 72 شکایتیں دیگر پولیس اسٹیشنوں میں درج کی گئی تھیں ۔ گزشتہ سال 2023 میں سی ای این پولیس اسٹیشنوں میں درج کروائی گئی معاملات کی تعداد 196 تھی اور 40 شکایتیں دیگر پولیس اسٹیشںوں میں درج کی گئی تھیں ۔ سال 2023 کے دوران سائبر فراڈ سے اڑائی گئی رقم  9.83 کروڑ روپے تھی جس میں 1.17 کروڑ روپے فریب کا شکار ہونے والے متاثرین کو واپس لوٹائے گئے تھے ۔ 
    
پولیس کمشنر نے بتایا کہ 2024 کے دوران زیادہ تر فراڈ کے معاملے سرمایہ کاری کے نام پر پیش آئے تھے جس کے تحت 30,36,61,299 کروڑ روپے بینک کھاتوں سے اڑائے گئے ۔ اس کے علاوہ ملازمت دلانے، شادی، آن لائن شاپنگ [او ایل ایکس]، شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری، اشتہاری دھوکہ بازی، کے وائی سی اپڈیٹ اور دیگر معاملوں میں سائبر فراڈ انجام دئے گئے ۔ 
    
انہوں نےمزید بتایا کہ سائبر کرائم کے معاملوں میں جن 42 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے کرناٹکا سے تعلق رکھنے والے 15، تملناڈو سے 9، کیرالہ سے 11، آندھرا پردیش سے دو، اوڈیشہ، مہاراشٹرا، راجستھان، نئی دہلی، جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک ایک  ملزمین شامل ہیں ۔ 


Share: