ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا میں 500 سے زائد غیر قانونی ہوم اسٹے موجود ہیں - ڈی سی کی طرف سے کی جائے گی کارروائی

اتر کنڑا میں 500 سے زائد غیر قانونی ہوم اسٹے موجود ہیں - ڈی سی کی طرف سے کی جائے گی کارروائی

Sun, 12 Jan 2025 12:21:14  Office Staff   S.O. News Service
اتر کنڑا میں 500 سے زائد غیر قانونی ہوم اسٹے موجود ہیں - ڈی سی کی طرف سے کی جائے گی کارروائی

کاروار ،12 / جنوری (ایس او نیوز) اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے ضلع میں موجود غیر قانونی ہوم اسٹے سہولتوں کے خلاف کارروائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔
    
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سیاحوں کے تحفظ کے نقطہ نظر سے محکمہ سیاحت کی جانب ہوم اسٹے کی سہولت فراہم کرنے والوں کو اپنے ہوم اسٹے کا رجسٹریشن کروانے کی بارہا تاکید کی جاتی رہی ہے ، لیکن ہوم اسٹے کے مالکان محکمہ کے پاس رجسٹریشن کرنے کے لئے آگے نہیں بڑھ رہے ہیں ۔ اس وجہ سے فی الحال ضلع میں 500 سے زائد ہوم اسٹے کے ٹھکانے موجود ہیں ۔ 
    
ڈی سی نے بتایا کہ حکومت نے 'ہوم اسٹے' کا تصور اس وجہ سے سامنے لایا تھا تاکہ سیاح کسی مقام پر پہنچیں تو وہاں کسی گھر میں قیام کریں اور گھر والوں کے ساتھ کھانے پینے، وقت گزارنے کے ساتھ مقامی کلچر اور طرز زندگی کو سمجھ سکیں ۔ مگر ہوم اسٹے کا یہ طریقہ بعض مقامات پر اب تجارتی رنگ اختیار کر گیا ہے اور صرف پیسہ کمانے کے مقصد کو ہی سامنے رکھتے ہوئے کسی قسم کا اجازت نامہ لیے بغیر ہوم اسٹے چلائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے اس اسکیم کا مقصد ہی فوت ہو گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اتر کنڑا کے جوئیڈا، ڈانڈیلی، کمٹہ، گوکرن، مرڈیشور، سرسی سمیت مختلف جگہوں پر 500 سے زائد ہوم اسٹے ایسے جو بغیر اجازت چلائے جا رہے ہیں ۔ ضلع میں آنے والے سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانا محکمہ سیاحت اور ضلع انتظامیہ کا فرض ہے ۔  اس لئے قانون کے مطابق ہوم اسٹے چلانے کے لئے ضلع انتظامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے ۔ مگر بعض لوگ صرف پنچایت کی سطح پر این او سی لے کر ہوم اسٹے چلا رہے ہیں ۔ مقامی افراد کی طرف سے غیر قانونی طور پر چلائے جا رہے ہوم اسٹے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ اس پس منظر میں اب محکمہ سیاحت کی کمیٹی باضابطہ اجازت نہ لینے والے ہوم اسٹے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے تیاری کر لی ہے ۔  


Share: