![انڈین نوائط فورم کے لئے نئے عہدیداران کا انتخاب؛ آفتاب کولا صدراورعادل ناگرمٹ جنرل سکریٹری منتخب](https://sahilonline.net/storage/2025/feb25/inf-office-bearers.jpg)
بھٹکل، 10 فروری (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم (INF) کے سالانہ اجلاس میں تین سالہ میعاد (2025-2028) کے لئے نئے عہدیداران کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا، جس میں بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور کے سرگرم رکن آفتاب حسین کولا کو صدر اور بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے متحرک رکن عادل ناگرمٹ کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔
یہ اہم اجلاس ضلع اُڈپی کے منی پال میں منعقد ہوا، جس میں آئی این ایف کی تمام آٹھ جماعتوں کے تقریباً 100 اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نائب صدراول کے طور پر ہاشم محتشم برنی، نائب صدر دوم: فیاض محتشم، سکریٹری: غفران لنکا، خزانچی: عمر خلیفہ اورانٹرنل آڈیٹر کے طور پر فیضان لنکا کا انتخاب کیا گیا۔
اجلاس میں سابق عہدیداران بالخصوص ایس ایم ارشد، نعمان پٹیل، معاذ جوکاکو، تنویر موٹیا اور دیگر کئی سرگرم اراکین موجود تھے۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے آئی این ایف کے استحکام اور نوائط برادری کی ترقی کے لئے اپنی بھرپور خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ اندرونِ ہند کی آٹھ بھٹکلی مسلم جماعتوں پر مشتمل انڈین نوائط فورم گزشتہ کئی سالوں سے بھٹکل کمیونٹی کی ترقی اور اس کے مسائل کے حل کے لئے مختلف پروگرامز منعقد کر رہا ہے۔ ایک طرف بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، تو دوسری طرف کاروباری حضرات کو نئے کاروبار متعارف کرانے میں مدد دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بھٹکل میں مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے مال کو پورے ملک میں متعارف کرانے اور کاروبار کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں روزگار میلہ، ٹریڈ ایکسپو جیسے پروگرام عوام میں بے حد مقبول ہو چکے ہیں۔