
بھٹکل، 30 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے قاضی صاحبان نے مختلف مقامات پر عید کا چاند دیکھے جانے کی تصدیق کے بعد اعلان کیا ہے کہ بھٹکل میں رمضان المبارک کا اختتام ہو چکا ہے اور کل، پیر کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
بھٹکل کے قریبی علاقے ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ-ٹونکا سے اطلاعات ملی ہیں کہ متعدد افراد نے سمندر کنارے چاند کا نظارہ کیا ہے، اسی طرح ہوناور تعلقہ کے اُپنّی میں بھی چاند دیکھے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ پڑوسی ریاست کیرالہ سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی چاند دیکھے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ بھٹکل اور ہوناور کے ساتھ کمٹہ، کنداپور، اُڈپی، مینگلور، دہلی، لکھنؤ، حیدرآباد، پٹنہ، ممبئی، کولکاتا اور بنگلورو سمیت کئی شہروں میں بھی عیدالفطر کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے اور عید کے اعلانات کے پیش نظر توقع ہے کہ پورے ہندوستان میں کل، پیر کو جوش و خروش کے ساتھ عیدالفطر منائی جائے گی۔
بھٹکل میں عید کی نماز اور خطبہ
بھٹکل میں عیدگاہ میدان میں عید کی نماز صبح 7:15 بجے ادا کی جائے گی، البتہ جامع مسجد سے پیدل جلوس صبح 6:40 بجے نکلے گا۔ نماز کی امامت جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی کریں گے۔ نماز کے بعد عربی میں خطبہ دیا جائے گا، جس کا بعد میں اردو خلاصہ پیش کیا جائے گا۔ عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران نے مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ عید کی نماز کے ساتھ ساتھ خطبہ بھی سنیں اور اس کے مفہوم کو سمجھنے کے لیے اردو خطاب کی سماعت کریں۔
مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے مبارکباد
بھٹکل سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عید کے اعلان کے بعد قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔
بھٹکل عیدگاہ میں7:15 بجے ہوگی عید الفطر کی نماز؛اطراف کے علاقوں میں نماز عید کے اوقات کا اعلان
