ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : ساحلوں پر ہونے والے واٹر اسپورٹس اور سیاحتی سرگرمیوں پر لگیں پابندیاں

منگلورو : ساحلوں پر ہونے والے واٹر اسپورٹس اور سیاحتی سرگرمیوں پر لگیں پابندیاں

Tue, 09 Jun 2026 12:15:46    S O News
منگلورو : ساحلوں پر ہونے والے واٹر اسپورٹس اور سیاحتی سرگرمیوں پر لگیں پابندیاں

منگلورو ،9 / جون (ایس او نیوز) جنوب مغربی مانسون کے آغاز نے ساحلی سیاحت کے منظرنامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے ۔ جب کہ دکشن کنڑ میں افسران نے سیاحوں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے سمندری پانی میں اترنے پر سختی سے پابندی لگا دی ہے اور پانی کے کھیلوں [واٹر اسپورٹس] کو معطل کر دیا ہے ۔ 
    
سمندر میں ابال اور لہروں میں جوش اور تیزی دیکھتے ہوئے منگلورو کے ساحلوں پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ  ساحل کے قریب سرخ رسیاں باندھ کر رکاوٹیں   کھڑی کی گئیں ہیں ۔ 
    
آبی کھیلوں پر لگی پابندی :ضلع انتظامیہ نے پانمبور، تنیربھاوی اور سومیشورا کے ساحلوں پر اگلا حکم جاری ہونے تک بشمول تیرتے پل، کشتی کی سواری، جیٹ اسکی اور پیرا سیلنگ جیسے پانی کے تمام کھیلوں کو مکمل طور پر روک دیا ہے ۔    اسی کے ساتھ  جنوبی کنڑ کے بڑے ساحلوں پر سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ 
    
پانمبور کے ساحل پر سیاحوں کو پانی میں اترنے سے روکنے کے لیے ساحل کے ساتھ ایک سرخ رسی باندھ دی گئی ہے ۔ خطرے کے سائن بورڈز نمایاں طور پر لگائے گئے ہیں ۔ لائف گارڈز اور کوسٹل سیکورٹی پولیس کی طرف سے 24 گھنٹے نگرانی رکھی جا رہی ہے ۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔

ساحل پر جاری رہیں گی دیگر سرگرمیاں :پانیوں میں اترنے اور موجوں سے کھیلنے پر پابندیوں کے باوجود ساحل پر چلنے والی دیگر سرگرمیاں جیسے گھڑ سواری، اونٹ کی سواری، بچوں کے کھیل کے میدان اور کھانے پینے کے اسٹالز جاری ہیں، جس سے سیاح محفوظ  فاصلے سے مانسون کے موسم میں سمندری موسم اور نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔

گزشتہ دو دنوں سے مسلسل موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ملکی میں سسی ہیتھلوساحل سمندر پر سیاحوں کے داخلے پر عارضی طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ساحلی انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ قرب و جوار میں اونچے اونچے درختوں کے اکھڑ جانے کے خطرے کے پیش نظر یہ حفاظتی اقدام کیا گیا ہے ۔

سیاحوں کا رخ زمینی ایڈونچر کی طرف :ساحلی آبی سرگرمیاں اگلے تین سے چار مہینوں کے لیے معطل ہونے کے ساتھ  سیاحوں کی ترجیحات میں موسمی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ ایڈونچر کے متلاشی نوجوان چارمڈی، کدرے مکھ اور آگمبے میں مانسون ٹریکنگ کے لیے مغربی گھاٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ اس دوران فیمیلیز اور بزرگ شہری مندروں کی سیاحت کی طرف راغب ہو رہے ہیں ۔ دھرمستھلا، کوکے سبرامنیا، کٹیل، کولور، اور اڈپی سری کرشنا مٹھ جیسے اہم مقدس مقامات کا دورہ کر رہے ہیں ۔ آبشاروں کے اطراف بھی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔

ملپے میں سیاحوں نے کیں خلاف ورزیاں :منگلورو میں نظم و ضبط کی پابندی کے بالکل برعکس  اتوار کو اڈوپی کے ملپے بیچ پر آنے والے سیاحوں نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر محکمہ سیاحت نے لوگوں کو بپھرے ہوئے سمندر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے فش نیٹ بیریکیڈس لگائے تھے ۔

لیکن ہفتے کے آخر میں ایک بڑے ہجوم نے پابندیوں کو واضح طور پر نظر انداز کر دیا ۔ چونکہ جال صرف اوپن ایئر تھیٹر تک نصب کیا گیا تھا اس لیے سیاح صرف رکاوٹوں کو نظرانداز کرتے ہوئے سی واک ایریا کی طرف سمندر میں داخل ہوئے ۔

جبکہ لائف گارڈز کی محدود تعداد تھی اور ڈیوٹی پر موجود صرف تین یا چار لائف گا رڈز نے عوام کو متنبہ کرنے کی کوشش کی تو بہت سے سیاحوں نے ان سے بحث کی اور پُر خطر پانیوں میں کھیلنا جاری رکھا ۔

مقامی لوگوں نے اس خطرناک رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت اور کڑی کارروائی کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “کھلے ہوئے تھیٹر سے کم از کم 200 میٹر تک رکاوٹ کو بڑھانا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ممکنہ سانحہ کو روکنے کے لیے اضافی لائف گارڈز کی تعیناتی اور پولیس گشت بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔”


Share: