ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : پہلی بارش نے ہی کھول دی نیشنل ہائی وے کے ناقص کام کی پول؛ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی بھی شکایتیں

منگلورو : پہلی بارش نے ہی کھول دی نیشنل ہائی وے کے ناقص کام کی پول؛ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی بھی شکایتیں

Sat, 06 Jun 2026 19:36:33    S O News
منگلورو :   پہلی بارش نے ہی  کھول دی نیشنل  ہائی وے کے ناقص کام کی پول؛ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی  بھی شکایتیں

منگلورو، 6 جون (ایس او نیوز): جنوبی کینرا ضلع میں مانسون کی پہلی ہی شدید بارش نے نیشنل ہائی وے کے تعمیراتی معیار اور منگلورو شہر کے نکاسیٔ آب کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ موڈبیدری کے میجارو علاقے میں نیشنل ہائی وے 169 کا ایک حصہ بارش کے بعد زمین میں دھنس گیا جبکہ بعض مقامات پر سروس روڈ کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی عوام نے الزام لگایا ہے کہ ہائی وے کی تعمیر غیر سائنسی انداز میں کی گئی ہے اور برساتی پانی کی نکاسی کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کی بنیاد کمزور ہوکر بیٹھ گئی ہے۔ عوام نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور تعمیراتی ایجنسی کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے فوری مرمت اور ذمہ داری طے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی دوران جمعہ اور سنیچر کو ہونے والی موسلادھار بارش نے منگلورو شہر کے کئی علاقوں کو زیر آب کر دیا۔ کوڈیال بیل، کنکن ناڈی، ننتھور، پڈیل، پمپ ویل، کلور جنکشن، بنٹس ہاسٹل، کوٹارا چوکی، آنے گنڈی، امبیڈکر روڈ، کئیکمبا اور دیگر نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ بعض مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ بی سی روڈ علاقے میں بارش کے پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والا کچرا نیشنل ہائی وے پر جمع ہونے سے راہگیروں اور موٹر سواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے بیکمپاڈی انڈسٹریل ایریا میں پانی بھر جانے سے صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ ٹریفک بھی بری طرح متاثر رہی۔ موڈبیدری اور اطراف کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ بعض مقامات پر کمپاؤنڈ کی دیواریں گر گئیں اور سڑکوں پر درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

کاٹیپلّا، سورتکل، کرشنا پورا مین روڈ اور دیگر علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے مقامات کو صاف کرنے اور بند نالوں کو کھولنے کے لیے متعلقہ افسران اور انسڈنٹ کمانڈرز موقع پر پہنچے اور فوری کارروائی کی۔ ضلع انتظامیہ نے مانسون کے پیش نظر ہنگامی انتظامات کو فعال رکھتے ہوئے متعلقہ محکموں کو الرٹ پر رکھا ہے۔

منگلورو میں پہلی بارش کے ساتھ ہی سامنے آنے والی ان مشکلات کے بعد عوام نے منگلورو سٹی کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں پر سوال اٹھائے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مانسون سے قبل نالوں کی صفائی، گاد نکالنے اور برساتی پانی کی نکاسی کے مؤثر انتظامات نہ کیے جانے کے سبب ہر سال شہر کے متعدد علاقے سیلابی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی اقدامات کے بجائے نکاسیٔ آب کے مستقل اور پائیدار حل تلاش کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔


Share: