ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک بھر میں ماک ڈرل: کاروار، رائچور اور بنگلورو سمیت 244 اضلاع میں ہوائی حملے کی تیاری کی مشق

ملک بھر میں ماک ڈرل: کاروار، رائچور اور بنگلورو سمیت 244 اضلاع میں ہوائی حملے کی تیاری کی مشق

Wed, 07 May 2025 10:54:50    S O News

کاروار، 7/ مئی (ایس او نیوز) پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ملک کے 244 اضلاع میں ایک بڑی سطح کی ماک ڈرل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں کرناٹک کے کاروار ، رائچور اور  بنگلوروجیسے اہم اضلاع بھی شامل ہیں۔ اس مشق کا مقصد عام شہریوں کو ہوائی حملے کی صورت میں ضروری حفاظتی اقدامات سکھانا اور اُنہیں ایسے حالات کے لیے تیار کرنا ہے۔

ماک ڈرل کے دوران مخصوص مقامات پر ہوائی حملے کی وارننگ کے لیے سائرن بجائے جائیں گے، بجلی منقطع کی جائے گی اور شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف جانے کی ہدایت دی جائے گی۔ حساس علاقوں میں بلیک آؤٹ نافذ ہوگا تاکہ اہم تنصیبات جیسے فوجی ٹھکانے اور پاور پلانٹس وغیرہ محفوظ اور نظروں سے اوجھل رہیں۔ شہریوں کو تربیت دی جائے گی کہ وہ ایسے حالات میں کس طرح خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

اس دوران حکومت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں ٹارچ، موم بتی اور ابتدائی طبی امداد کا انتظام رکھیں، اور اپنی جیب میں نقد رقم بھی ضرور رکھیں تاکہ الیکٹرانک نظام کی ناکامی کی صورت میں ضروری اشیاء خریدی جا سکیں۔ عوام کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ریڈیو یا بیٹری سے چلنے والا ٹی وی اپنے پاس رکھیں تاکہ سرکاری ہدایات سے بروقت باخبر رہ سکیں۔

ماک ڈرل کے دوران کھڑکیوں کے قریب جانے یا باہر نکلنے سے سختی سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ روشنیوں کو بند رکھنا، تمام دروازے اور کھڑکیاں بند کرنا اور صرف سرکاری اعلان آنے کے بعد ہی محفوظ مقام کو چھوڑنا ضروری ہوگا۔

یہ تربیتی مشق 1971 کی جنگ کے بعد پہلا موقع ہے جب اس پیمانے پر عام شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی انخلا کی حکمت عملی پر نظرثانی کریں اور مشق کو مؤثر طریقے سے مکمل کرائیں۔ 6 مئی کو وزارت داخلہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں مختلف ریاستوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔

یہ فیصلہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد لیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں سلامتی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ شہری ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کے لیے ذہنی اور عملی طور پر تیار رہیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔

ماک ڈرل عوامی بیداری پیدا کرنے اور دفاعی تیاری کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے، جس میں ہر شہری کا تعاون ضروری ہے۔


Share: