ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو واٹر میٹرو: فالگونی اور نیتراوتی ندیوں پر 19 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے

منگلورو واٹر میٹرو: فالگونی اور نیتراوتی ندیوں پر 19 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے

Tue, 13 May 2025 13:22:56    S O News
منگلورو واٹر میٹرو: فالگونی اور نیتراوتی ندیوں پر 19 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے

منگلورو ، 13 / مئی (ایس او نیوز) کیرالہ کے کوچی میں ملک کے سب سے پہلے واٹر میٹرو منصوبے پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرائی کے بعد اب ریاست کرناٹکا کے منگلورو میں اسی ماڈل کو اپنانے کی تیاری کی گئی ہے ۔
    
پتہ چلا ہے کہ کرناٹکا ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ اتھاریٹی نے اس منصوبے کو منظوری دی ہے اور اس کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کے  لئے ٹینڈر طلب کرنے کی تیاریاں جاری ہیں ۔  سمجھا جاتا ہے کہ اگر منگلورو واٹر میٹرو کے اس منصوبے پر عمل ہوتا ہے تو پھر اس کی وجہ سے اس علاقے سیاحت کو بڑا فروغ ملے گا ۔ 
    
اطلاعات کے مطابق واٹر میٹرو منصوبہ دکشن کنڑا کی لائف لائن سمجھی جانے والی فالگونی اور نیتراوتی ندیوں پر شروع کیا جائے گا ۔ اس تعلق سے شروع ہونے والی تمام سرگرمیاں منصوبے کے مطابق آگے بڑھتی ہیں تو پھر توقع ہے کہ  دو سال کے اندرعملاً اس کا نفاذ ہوگا ۔ 
    
منگلورو واٹر میٹرو کا جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس کے مطابق فالگونی اور نیترواتی ندیوں پر ماراور برڈج، جوکٹّے، کاور، کولور برڈج، بنگراکولور، نایاکودرو، سلطان بیٹری، تنیر باوی چرچ، کسبا بینگرے، اولڈ پورٹ، پورٹ فیری، سیانڈ بار آئی لینڈ، تھوٹا بینگرے، ہوئیگے بازار، جیپّو، اولڈ فیری، جیپو نیشنل ہائی وے برڈج، الال برڈج اور کوٹیکر جیسے  19 مقامات پر اسٹیشن ہونگے ۔ 

    جہاں عوام کی طرف سے ایک طرف اس منصوبے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے، وہیں کچھ زاویوں سے تشویش بھی ظاہر کی جا رہی ہے، جن میں سب سے اہم یہاں کی ندیوں میں پیش آنے والی جوار بھاٹے کی کیفیت ہے۔ کیرالہ کے کوچی میں واٹر میٹرو کا منصوبہ بیک واٹرس میں چل رہا ہے، جو خاموش اور مستقل ایک ہی کیفیت میں رہنے والے گہرے پانیوں کا علاقہ ہے، جبکہ منگلورو واٹر میٹرو کو جن ندیوں میں شروع کیا جا رہا ہے وہ سمندر کے دہانوں سے ملی ہوئی ہیں اور ان میں روزانہ جوار بھاٹے (پانی کے اتار چڑھاؤ) کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ اس وجہ سے واٹر میٹرو کو مستقلاً تیز رفتاری سے چلانے میں دشواری پیش آ سکتی ہے اور اس کا اثر میٹرو کی کارکردگی پر پڑ سکتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جملہ 19 اسٹیشن ہوں گے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے اطلاق سے پہلے اس کی مکمل امکانی رپورٹ حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ اس کی قابل عمل نوعیت کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے۔


Share: