منگلورو، 8 جنوری (ایس او نیوز) بدھ کے روز ایک المناک حادثے میں بنگلورو کے تین نوجوان انجینئر سورتکل کلائی جیٹی کے قریب بحر عرب میں نہاتے ہوئے غرق گئے، جبکہ مقامی ماہی گیر ایک شخص کو بچانے میں کامیاب رہے۔
پولیس کے مطابق، مرنے والوں کی شناخت منجوناتھ این (30) ضلع چترادرگہ، شیوکمار (30) ضلع شیموگہ اور ستیہ ویلو (30) بنگلورو سے ہوئی ہے۔ زندہ بچنے والے شخص، پرمیشور (30)، کا تعلق بیدر سے ہے۔
یہ چاروں افراد بنگلورو کے ایک انجینئرنگ کالج میں ہم جماعت رہ چکے تھے اور فی الحال مختلف کمپنیوں میں ملازمت کر رہے تھے۔ وہ اپنی سیاحت کے دوران سویفٹ کار میں یہاں پہنچے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ یہ حادثہ دوپہر تقریباً 2 بجے اس وقت پیش آیا جب یہ افراد سمندر میں نہانے کے لیے اترے۔ مقامی ماہی گیروں نے ان کو ڈوبتا دیکھ کر بچانے کی کوشش کی، لیکن صرف ایک شخص کو زندہ نکالا جا سکا۔
مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ کلائی ساحل پر لائف گارڈ یا حفاظتی اقدامات کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے، جبکہ پنبور اور تنیر بھاوی جیسے ساحلوں پر ایسی سہولیات دستیاب ہیں۔