منگلورو ،5 / فروری (ایس او نیوز) الال کے سی روڈ پر واقع کوٹیکر بینک میں ڈکیتی کے ایک ملزم نے پولیس اہلکار پر حملہ کرکے حراست سے فرار ہونے کوشش کی جس کے بعد پولیس آفیسر نے اس کی ٹانگ پر گولی چلاتے ہوئے اسے زخمی کر دیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوٹیکر بینک ڈکیتی کے سلسلے میں تفتیش کے دوران مروگنڈی تھیور نے اہم سراغ دئے تھے اور بتایا تھا کہ ششی تھیور نامی ان کے ساتھی نے ایک خاص مقام پر اسلحہ چھپایا ہے ۔ اسی ضمن میں ثبوت اکٹھا کرنے اور محضر تیار کرنے کے سلسلے میں پولیس ٹیم اپنی تحویل میں موجود اس واردات کے ملزم مروگنڈی تھیور کو اس مقام تک لے گئی جہاں مبینہ طور پر اسلحہ چھپایا گیا تھا ۔ اس دوران مروگنڈی تھیور نے پولیس کانسٹیبل منجوناتھ پر اچانک حملہ کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی ۔
جوابی کارروائی میں الال پولیس انسپکٹر نے مروگنڈی کو روکنے کے لئے ہوائی فائر کیا مگر جب وہ نہیں رکا تو پھر اس کے گھٹنے کے نیچے گولی چلا دی ۔