ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: سورتکل میں پارک کیا ہوا ٹینکر چل پڑا - سلسلہ وار حادثے میں موٹر گاڑیوں کے ساتھ دکان اور مکان کو پہنچا نقصان

منگلورو: سورتکل میں پارک کیا ہوا ٹینکر چل پڑا - سلسلہ وار حادثے میں موٹر گاڑیوں کے ساتھ دکان اور مکان کو پہنچا نقصان

Fri, 14 Feb 2025 22:09:42    S O News
منگلورو: سورتکل میں پارک کیا ہوا ٹینکر چل پڑا - سلسلہ وار حادثے میں موٹر گاڑیوں کے ساتھ دکان اور مکان کو پہنچا نقصان

منگلورو 14 / فروری (ایس او نیوز) سورتکل کے کولائی جنکشن کے پاس کل رات  پارک کیا گیا ایک بھاری ٹینکر اچانک نشیب کی جانب چل پڑا جس کی وجہ سے سلسلہ وار حادثہ پیش آیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ناگلینڈ کے رجسٹریشن نمبر والا ٹینکر شہر سے ہائڈروجن پیراکسائڈ بھر کر لے جانے کے لئے آیا ہوا تھا ۔ ڈرائیور ٹینکر کو پارک کرکے کہیں چلا گیا تھا۔ اچانک یہ ٹینکر ڈھلوان کی طرف 40 کلو میٹر کی رفتار سے چل پڑا اور پہلے ایک اسکوٹر، ایک کار اور دو آٹو رکشاوں سے ٹکرانے کے بعد الیکٹرک کھمبے سے ٹکرا گیا۔ اس کے علاوہ ٹنیکر کی زد میں آنے سے ایک کلینک اور مکان کو بھی نقصان پہنچا۔

سیکڑوں گاڑیوں کی آمد و رفت والے اس جنکشن پر سنتوش نامی کانسٹیبل ٹریفک کا نظام سنبھال رہا تھا ۔ اس نے جب بغیر ڈرائیور والے اس ٹینکرکو تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے دیکھا تو اس نے سب سے پہلے دونوں طرف سے ٹریفک روک دی۔ سڑک کنارے کھڑے ہوئے لوگوں اور رکشہ ڈرائیوروں کو آواز دے کر ہوشیار کیا جس کی وجہ سے وہ ٹینکر کی زد میں آنے سے اپنے آپ کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ جبکہ ٹریفک سگنل کے کھمبے، الیکٹرانک آلات اور سی سی ٹی وی کیمرے کو بری طرح نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے سڑک پر راہگیروں یا ڈاکٹر کے کلینک میں موجود مریضوں میں سے کسی کو بھی کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔

خیال رہے کہ جنکشن پر موٹر گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں الیکٹرک سگنل پول کو نقصان پہنچنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سلسلہ وار حادثے کے بعد اس مقام پر لوگوں کی بھیڑ لگ گئی جس کی وجہ سے موقع پر پہنچنے والی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نجمہ فاروقی، سرکل انسپکٹر مہیش پرساد اور ٹریفک پولیس کے افسران کو حالات پر قابو پانے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ 


Share: