منگلورو ، 3 / فروری (ایس او نیوز) منگلورو میونسپل کارپوریشن کے دفتر اور اسٹیٹ بینک سے متصل علاقے میں سڑک کنارے سنڈے بازار لگانے والے بیوپاریوں کو ہٹانے کی کارروائی 'آپریشن ٹائگر' دوبارہ شروع کی گئی اور بھاری پولیس بندوبست کے ساتھ ریوینیو افسران نے سڑک کنارے لگی ہوئی دکانیں ہٹانے کے ساتھ وہاں فروخت کی جا رہی ترکاری، فروٹ اور کپڑے اور دیگر سامان ضبط کر لیا ۔
کارپوریشن کی کل انجام دی گئی اس کارروائی کے دوران میونسپل کارپوریشن کے افسران اور بیوپاریوں کے درمیان تو تو میں میں شروع ہوگئی جس کی خبر ملنے پر سڑک کنارے بیوپاریوں کے مفادات کے لئے جد و جہد کرنے والے بی کے امتیاز نے موقع پر پہنچ کر مداخلت کی اور نوٹس دئے بغیر اچانک اس طرح دھاوا بولنے اور بیوپاریوں کا سامان ضبط کرنے کے خلاف آواز اٹھائی ۔ کارپوریشن اور ریوینیو افسران کے ساتھ گرما گرم بحث کے بعد امتیاز نے بیوپاریوں کا ضبط کیا گیا سامان واپس لوٹانے کی درخواست کی تو افسران نے آئندہ پھر اس جگہ دکانیں نہ لگانے کی تنبیہ کرتے ہوئے کارپویشن کے احاطے میں جمع کیا گیا ضبط شدہ سامان بیوپاریوں کو لوٹا دیا ۔