مینگلور7 / جنوری (ایس او نیوز) معروف بزنس مین ممتاز علی کو مشتبہ موت کے معاملے میں پولیس نے تھرڈ جے ایم ایف سی عدالت میں چھ ملزمین کے خلاف 2250 صفحات پر مشتمل فرد جرم [چارج شیٹ] داخل کر دی ۔
معلوم ہوا ہے کہ کلیدی ملزم سورتکل رحمت، اس کے شوہر شعیب کے علاوہ عبدالستار، قلندر شافی، مصطفےٰ اور سراج کے خلاف پولیس نے چارج شیٹ داخل کی ہے ۔
خیال رہے کہ 8 اکتوبر 2024 کو معروف بزنس مین ممتاز علی کی کار کولور پُل کے پاس حادثہ کا شکار ہونے کی حالت میں پائی گئی تھی اور پھر کولور ندی میں کافی تلاشی کے بعد ان کی لاش ندی سے بازیافت ہوئی تھی ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ ممتاز علی نے فالگونی ندی میں کود کر خودکشی کی ہوگی ۔
ممتاز علی کے رشتے داروں کی طرف سے سورتکل پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت میں کہا گیا تھا کہ رحمت نامی خاتون، اس کے شوہر اور دیگر افراد ممتاز علی کو بلیک میل کر رہے تھے جس سے تنگ آ کر ممتاز نے اپنی جان لی ہے ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چھ ملزمین کو گرفتار کیا ہے جن کے خلاف سورتکل سرکل پولیس انسپکٹر مہیش پرساد نے چارج شیٹ داخل کی ہے ۔