منگلورو ، یکم / جنوری (ایس او نیوز) اپنے تین بچوں کو کنویں میں گرا کر مار ڈالنے والے باپ کو عدالت نے سزائے موت سنائی ہے ۔
یہ درد ناک واقعہ 23 جون 2022 کو مُلکی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا تھا ۔ عدالت میں اس معاملے کی سماعت کے دوران بچوں کے باپ ویجیش شیٹیگار پر رشمیتا (14 سال)، اودئے (11 سال) اور دکشیت (4 سال) کو کنویں میں دھکا دے کر گرانے اور ان کی جان لینے کا جرم ثابت ہوا ۔
بتایا جاتا ہے کہ وجیش نے گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے اجتماعی ہلاکت کا منصوبہ بنایا اور اپنے تینوں بچوں کو کنویں گرانے کے بعد اپنی بیوی کو بھی خود کشی کرنے کے لئے زبردستی اپنے ساتھ کنویں میں کودنے پر مجبور کیا مگر مقامی لوگوں نے ان دونوں کو بچا لیا ۔ البتہ تینوں بچے اس واقعے ہلاک ہوگئے ۔
شہر کے تھرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوئی ۔ 32 گواہوں سے جرح کی گئی ۔ دستیاب ثبوتوں کی بنیاد پر عدالت نے وجیش کو اس قتل کا مجرم قرار دیا ۔ جج سندھیا ایس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت وجیش کو سزائے موت سنانے کے علاوہ بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں دفعہ 307 کے تحت دس سال قید کی سزا سنائی ۔
پبلک پراسیکیوٹر موہن کمار بی نے استغاثہ کے لئے پیروی کی اور تمام ثبوت اور گواہوں کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کارروائی کو نتیجہ خیز بنایا ۔