منگلورو 6 / جون (ایس او نیوز) کونکن ریلوے کارپوریشن [کے آر سی ایل] نے اپنی ریلوے روٹ پر پائے جانے والے حساس علاقوں میں حفاظتی نقطہ نظر سے رات کے وقت سخت نگرانی کے اقدامات کیے ہیں اور حادثات کے امکانات والے حصوں میں چوبیس گھنٹے نگرانی کے لئے واچ مین تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
رات کی چوکیداری کے لئے تعینات جو پٹرول مین ہونگے وہ اپنے لئے مقرر کردہ علاقے میں پیدل گھوم پھر کر نگرانی کریں گے ۔ اور مٹی کے تودے، چٹانوں کے ٹکڑے گرنے یا پھر ٹریک پر پانی جمع ہونے جیسے ٹرین کی راستے میں رکاوٹ بننے والے حالات پر نظر رکھیں گے ۔ ایسی کوئی غیر معمولی چیز نظر آنے پر فوری طور پر قریبی اسٹیشن ماسٹر کو آگاہ کیا جائے گا ۔
کے آر سی ایل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہر پٹرول مین کے لئے پانچ کلو میٹر کا علاقہ مقرر کیا گیا ہے جسے اگلے مرحلے پر نگرانی کر رہے پٹرول مین کے ساتھ اپنی پٹرول ڈائری تبدیل کرنی ہوگی ۔
کونکن ریلوے کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مانسون سے قبل سے حفاظتی نقطہ نظر سے تیاریوں کے ضمن میں 3 جون کو رتناگری میں ایک سیفٹی سیمینار منعقد کیا گیا تھا جس میں پٹرول ڈائری ادل بدل کرنے کے تعلق سے عملی مظاہرہ کیا گیا تھا اور اس کام میں آنے والی ممکنہ رکاوٹوں اور مشکلات پر قابو پانے کی تربیت بھی دی گئی تھی ۔