ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: ہجومی تشدد معاملے میں انسپکٹر شیوا کمار سمیت پولیس اہلکار معطل

منگلورو: ہجومی تشدد معاملے میں انسپکٹر شیوا کمار سمیت پولیس اہلکار معطل

Thu, 01 May 2025 19:58:54    S O News
منگلورو: ہجومی تشدد معاملے میں انسپکٹر شیوا کمار سمیت پولیس اہلکار معطل

منگلورو یکم / مئی (ایس او نیوز) شہر کے مضافات کوڈوپو میں پیش آئے ہجومی تشدد اور قتل کے معاملے میں منگلورو رورل پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر شیوا کمار کے آر، ہیڈ کانسٹیبل  چندرا پی، کانسٹیبل یلا لنگا کو معطل کیا گیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ کوڈوپو کے ایک میدان میں کرکٹ میچ کے دوران کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان اشرف کو غیر مسلموں کے ہجوم نے بے رحمی سے پیٹا تھا جس کی وجہ سے اس کی جان چلی گئی ۔ عوامی طور پر پولیس پر یہ الزام لگایا جا رہا تھا کہ اتنا حساس معاملہ سامنے آنے کے بعد بھی پولیس نے سرگرمی اور سنجیدگی کا مظاہرا نہیں کیا تھا ۔ اس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہجومی تشدد اور قتل کے معاملے میں ملوث 20 ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔
    
اس واردات کے تعلق سے اب جو حقائق سامنے آئے ہیں اس کے مطابق دیپک نامی ایک شخص نے پولیس کو فون کرکے بتایا تھا کہ کوڈوپو گراونڈ پر کھلاڑی اور تماشائی مل کر ایک اجنبی شخص کو پیٹ رہے ہیں ۔ منگلورو رورل پولیس انسپکٹر شیوا کمار اور دیگر اہلکاروں نے ہجوم کے ذریعے اجنبی نوجوان پر حملے کی یہ جانکاری اپنے اعلیٰ افسران کو نہیں دی ۔ 
    
اس پس منظر میں جب اجنبی شخص کی لاش بازیافت ہوئی تو پولیس نے اسے غیر فطری موت کے زمرے میں رکھا ۔ پھر جب حقیقی صورتحال اعلیٰ افسران کے علم میں آئی تو اس معاملے کو ماب لنچنگ کے زمرے میں رکھتے ہوئے بی این ایس قانون کی متعلقہ دفعات کے ساتھ ملزمین کے خلاف کیس درج کیا گیا ۔ اور اپنے فرائض سے غفلت برتنے کے الزام میں پولیس انسپکٹر اور دیگر دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ۔ 


Share: