ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہاکرس کے خلاف کارروائی پر ممتا برہم، باز آبادکاری کے بغیر بے دخلی نامنظور

ہاکرس کے خلاف کارروائی پر ممتا برہم، باز آبادکاری کے بغیر بے دخلی نامنظور

Thu, 18 Jun 2026 11:12:01    S O News
ہاکرس کے خلاف کارروائی پر ممتا برہم، باز آبادکاری کے بغیر بے دخلی نامنظور

کولکاتہ ، 18/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) ترنمول کانگریس سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی  جنہیں ’’فائٹر سیاستداں‘‘ بھی کہاجاتا ہے، نے بدھ کو کولکاتا کے وسطی علاقے میں اچانک ایک احتجاجی مارچ کی قیادت کرکے سب کو چونکا دیا۔ انہوں  نے   خوانچہ فروشوں اور فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کے خلاف جاری بے دخلی مہم کی پُرزور مخالفت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی کارروائی سے قبل متاثرہ دکانداروں کی بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے۔  احتجاج   میں  ممتا بنرجی کی اچانک شرکت سے انتظامیہ ہکا بکا رہ گیا۔

ممتا بنرجی نے اس احتجاجی مارچ کے بارے میں انتظامیہ کو پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔ وہ پارٹی کے کئی لیڈروں  اور کارکنوں کے ساتھ سڑک پر اُتریں  اور حکومت کی جانب سے دکانداروں کے خلاف جاری کارروائیوں پر اعتراض درج کرایا۔ ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان میں کہا  ہےکہ پارٹی عام لوگوں کی عزت، روزگار اور حقوق کے تحفظ کیلئے  پرامن احتجاج جاری رکھے گی۔ یہ احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کولکاتا اور اس کے مضافاتی علاقوں میں فٹ پاتھوں اور ریلوے اراضی پر قائم دکانوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ گزشتہ دنوں سیالدہ میں بھی ترنمول کانگریس کے لیڈروں   نے دھرنا دے کر مطالبہ کیا تھا کہ بے دخلی سے قبل دکانداروں کیلئے  متبادل انتظامات کیے جائیں۔ ممتا بنرجی کا مارچ دھرم تلہ علاقے میں منعقد ہوا، جہاں پارٹی کے سینئر لیڈرکنال گھوش، ڈولا سین اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ سیاسی مبصرین اس اقدام کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست اور پارٹی کے اندر بڑھتی بغاوت کے درمیان کارکنوں کو متحد رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب بی جے پی کا مؤقف ہے کہ عوامی مقامات پر تجاوزات کا خاتمہ قانون کے مطابق ضروری ہے تاکہ شہریوں کیلئے سڑکوں اور فٹ پاتھ کا استعمال آسان بنایا جا سکے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر بلڈوزر کارروائیوں سے قبل مناسب نوٹس نہیں دیئے گئے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے اعتراضات بھی سامنے آئے ہیں۔  حالیہ دنوں میں جادھو پور ریلوے اسٹیشن کے اطراف ریلوے اراضی پر قائم متعدد دکانوں اور جھگیوں کو ہٹانے کے لیے بلڈوزر کارروائیاں کی گئی تھیں، جس کے بعد کئی علاقوں میں احتجاج اور عدالتی کارروائیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔


Share: