ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا کمٹہ - سرسی ہائی وے توسیعی کام مقررہ وقت پر پورا ہوگا ؟

کیا کمٹہ - سرسی ہائی وے توسیعی کام مقررہ وقت پر پورا ہوگا ؟

Thu, 16 Jan 2025 12:58:01  Office Staff   S.O. News Service

سرسی ، 16/ جنوری (ایس او نیوز) کمٹہ - سرسی ہائی وے کا توسیعی کام اس وقت جس رفتار اور انداز سے چل رہا ہے ، اس کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ کام اپنے مقررہ وقت پر پورا ہونے کے امکانات بہت ہی کم ہیں ۔
    
ساگر مالا منصوبے کے تحت سرسی اور کمٹہ کو جوڑنے والے اس ہائی وے کو نیشنل ہائی وے 766e میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ توسیعی منصوبے پر گزشتہ تین سال سے کام چل رہا ہے ، مگر ٹھیکیدار کمپنی آر این ایس نے اس مدت میں صرف تعلقہ کے دیوی منے سے سرسی تک ہی سڑک کا تعمیراتی کام انجام دیا ہے، اور گھاٹ کے نشیبی علاقے میں کام پورا نہیں کیا ہے ۔ دیوگی سے کتگال تک سڑک تعمیر ہوئی ہے ۔ دیوی گھاٹ کے علاقے میں آدھے حصے پر کام ہوا ہے ۔ امینہلّی پر ایک پل تعمیر ہوا ہے جبکہ ابھی 9 پُل تعمیر کرنا باقی ہے ۔ 
    
ٹھیکیدار کمپنی کے مطالبے پر کام میں تیزی لانے کے لئے ضلع ڈپٹی کمشنر نے 2 دسمبر سے 25 فروری تک اس سڑک پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا رکھی ہے ۔ اس سڑک سے گزرنے والی بھاری موٹر گاڑیوں کے لئے متبادل راستے فراہم کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کے لئے آسانی فراہم کی گئی ہے ۔ مگر ٹھیکیدار کمپنی اس کا صحیح فائدہ نہیں اٹھا رہی ہے ۔ انتہائی سست رفتاری سے کام لیا جا رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ مقررہ وقت میں یہ کام پورا ہونے اور ٹریفک کے لئے بند رکھی گئی سڑک دوبارہ کھولنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ 
    
ٹھیکیدار کمپنی کی حالت یہ ہے کہ کنکریٹ سڑک کی تعمیر کے لئے استعمال ہونے والی مشین گزشتہ دو ہفتوں سے خراب ہو کر سڑک کنارے کھڑی کر دی گئی ہے ۔ اسے درست کرنے یا دوسری مشین لا کر کام آگے بڑھانے کے سلسلے میں کمپنی نے تا حال کوئی اقدام نہیں کیا ہے ۔  
    
سڑک کا کام مکمل ہونے میں تاخیر کے تعلق سے آر این ایس کمپنی کے انجینئر گووند بھٹ نے بتایا کہ جتنے پُل تعمیر کرنے باقی ہیں، ان میں بننے ہولے کا جو پُل ہے سب سے بڑا ہے جس میں دیر ہونے کے امکانات ہیں ۔

باقی کام کے تعلق سے ہمیں یقین ہے کہ وہ مقررہ وقت پر مکمل ہو جائے گا ۔


Share: