ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / فائرنگ معاملہ: خان سر کے خلاف مقدمہ درج، گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل

فائرنگ معاملہ: خان سر کے خلاف مقدمہ درج، گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل

Sat, 06 Jun 2026 11:30:02    S O News

پٹنہ ، 6/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)پورے ملک میں مشہور کوچنگ خان گلوبل اسٹڈیزکےڈائریکٹر فیصل خان عرف خان سر کے خلاف اقدام قتل اور اسلحہ ایکٹ کے تحت کدم کنواں تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے بعد ان پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے۔ امکان ہے کہ انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ پٹنہ پولیس نے خان سر کو ملزم نامزد کر کے گرفتاری کیلئے ٹیم تک تشکیل دے دی ہے۔ پٹنہ پولیس کی ڈی آئی یو یونٹ کو گرفتاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق خان سر کے محافظوں نے۲؍ جون کی رات ان کے کوچنگ سینٹر خان گلوبل اسٹڈیز پر حملے کے دوران فائرنگ کی تھی۔ دونوں گرفتار محافظوں پردیپ اور تالیشور نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ انہوں نے خان سر کے حکم پر گولی چلائی تھی۔ گارڈز کے بیانات کےمطابق خان سر نے مبینہ طور پر کہاکہ تم گولی چلاؤ، باقی ہم دیکھ لیں گے۔ اسی بنیاد پر آئی پی سی کی دفعہ۱۰۹؍ کے تحت خان سر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اطلاعات کےمطابق کدم کنواں تھانہ میں درج کیس کی تحقیقات میں کئی حقائق سامنے آئے ہیں۔ ایک یہ کہ سب سے پہلے آرمس ایکٹ اور جھوٹی معلومات کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے خان سر کے بیانات سے متعلق کئی ویڈیوز منظر عام پر آ چکے ہیں۔ اس تناظر میں خان سرکے دو محافظوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے پہلے خان سرکے دو محافظوں سے پوچھ گچھ کی پھر خود خان سرسے پوچھ گچھ کی۔ اس کارروائی کےبعد پولیس نے دونوں گارڈس کو گرفتار کرلیا۔ پٹنہ پولیس کا کہنا ہے کہ کوچنگ سینٹر کے باہر فائرنگ کے بعد گولیوں کے چھرے چھپانے کی کوشش کی گئی تھی۔ اسی لئے خان سر کا نام شامل کیا گیا۔

میڈیارپورٹس کےمطابق ایف آئی آر درج ہونے کے بعد خان سر نے کہا کہ وہ اس واقعے سے لاعلم ہیں۔ انہوں نے تحقیقات میں مکمل تعاون دینے کی بات بھی کہی۔ فی الحال پولیس انہیں تلاش کررہی ہے۔ تادم تحریران کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔ 


Share: