میسورو ،20 / جنوری (ایس او نیوز) ریاست میں پچھلے ایک ہفتے سے دن دہاڑے ڈکیتیوں کا جو سلسلہ جاری ہے اس کی تازہ کڑی میسورو میں دیکھنے کو ملی جب یہاں پر ایک گینگ کے ذریعے کیرالہ کے ایک تاجر کی کار روک کر اس کے پاس موجود نقد رقم لوٹ لی گئی ۔
واردات کے مقام سے گزرنے والے ایک شخص کی بنائی ہوئی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ جس سے ان ڈکیتیوں کے تعلق سے عوام میں تشویش پیدا ہوئی ہے ۔
خیال رہے کہ ابھی کچھ دن قبل بیدر میں اے ٹی ایم میں جمع کرنے کے رقم لے جانے کے دوران دو مسلح لٹیروں نے محافظین پر گولیاں چلاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات انجام دی تھی جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد منگلورو کے کوٹیکر بینک میں مسلح گینگ نے زبردست لوٹ مچائی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق آج میسورو میں لوٹ کی جو واردات پیش آئی ہے اس کا شکار صوفی نامی کیرالہ کا ایک تاجر ہوا ہے ۔ ہاروہلّی گاوں میں چار نقاب پوش لٹیروں کی گینگ نے اس کی کار کا راستہ روکا اور اس کے پاس موجود نقدی اور کار لوٹ کر موقع پر سے فرار ہوگئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ واردات ایک مصروف ترین سڑک پر دن دہاڑے انجام دی گئی ہے ، جب صوفی کرناٹکا سے کیرالہ کی طرف کار میں سفر کر رہا تھا ۔ واردات کے تعلق سے جب صوفی نے پولیس کو اطلاع دی تو فوراً پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کیس درج کر لیا ۔ اسی کے ساتھ کیرالہ کی سمت میں موجود چیک پوسٹس کو چوکنا کر دیا گیا مختلف مقامات پر بیریکیڈس لگا دئے گئے ۔
پولیس یکے بعد دیگرے پیش آ رہی ڈکیتی کی وارداتوں کے ملزمین کو گرفتار کرنے میں تا حال کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ اس وجہ سے عوام کے اندر عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے ۔ امن و امان کی بگڑتی صورت حال سے حکومت میں بھی دباو میں آ گئی ہے ۔ جبکہ دوسری طرف ایسا لگتا ہے کہ لٹیروں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں اور وہ بڑی بے خوفی سے وارداتیں انجام دے رہے ہیں ۔