ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ریاستی وزراء کی کارکردگی کا لیا جائے گا جائزہ - 8 سے 10 وزراء کا کٹ سکتا ہے پتّا

کاروار : ریاستی وزراء کی کارکردگی کا لیا جائے گا جائزہ - 8 سے 10 وزراء کا کٹ سکتا ہے پتّا

Wed, 15 Jan 2025 19:12:46  Office Staff   S.O. News Service

کاروار ، 15 / جنوری (ایس او نیوز) ریاستی کانگریسی حکومت کو بر سر اقتدار آئے ہوئے 20 مہینون کا عرصہ ہورہا ہے، اس پس منظر میں پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ وزراء کی طرف سے پیش کی گئی اپنی کارکردگی رپورٹ ہائی کمان کو موصول ہونے کے بعد متعلقہ وزراء کے حلقے میں کانگریسی لیڈران اور کارکنان کی رائے معلوم کی جائے گی ۔ اس دوران یہ کانگریس پارٹی کے حلقوں میں سرگوشیاں ہو رہی ہیں کہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اگر پارٹی ہائی کمان نے سنجیدگی سے اقدامات کیے تو پھر 8 تا 10 وزراء کا پتا کٹنا یقینی بات ہے ۔ 
    
کہتے ہیں کہ کابینہ کی توسیع کے موقع پر اگر کارکردگی کی بنیاد پر وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو پھر اتر کنڑا میں بھی وزیر منکال وئیدیا پر آر وی دیشپانڈے کی لٹکتی ہوئی مخالفت کی تلوار کسی بھی وقت گر سکتی ہے ۔ چونکہ کابینہ کی توسیع کے دوران نئے وزراء کو شامل کرنے کی زیادہ گنجائش نہیں ہے اس لئے کارکردگی کی بنیاد پر وزراء کو ہٹا کر نئے اور پرجوش اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل کرنے کے امکانات زیادہ ہیں ۔ اگر بلاوجہ کسی وزیر کو ہٹایا جاتا ہے تو ان حمایتی کارکنان کی طرف سے مخالفت زور پکڑ سکتی ہے ۔ اس لئے کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لئے گزشتہ 20 مہینوں کے عرصے میں وزراء کی طرف سے انجام دی گئی کارکردگی کی رپورٹ کو ہی بنیاد بنایا جائے گا ۔ 
    
معلوم ہوا ہے وزراء کی سرگرمیوں اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ جو آنے والے 60 دنوں کے اندر ہر ایک وزیر کی کارکردگی کے تعلق سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ 
    
یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ اس مرتبہ کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کے دوران اتر کنڑا کے سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق وزیر آر وی دیشپانڈے کو وزارتی قلمدان دینے کا امکان ہے ، لیکن آر وی ڈی کی طرف سے اتر کنڑا ضلع انچارج وزیر کا قلمدان لینے پر ہی مصر رہنے کی بات بھی سنائی دے رہی ہے ۔ اب اس کا اثر موجودہ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا پر کیا ہوگا ، یہ دیکھنے کے لئے آنے والے دنوں کا انتظار کرنا پڑے گا ۔


Share: