ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : اپریل، مئی میں ہونگے ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت کے انتخابات - کیا ای وی ایم کے بجائے بیلیٹ پیپر کا ہوگا استعمال؟

کاروار : اپریل، مئی میں ہونگے ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت کے انتخابات - کیا ای وی ایم کے بجائے بیلیٹ پیپر کا ہوگا استعمال؟

Wed, 15 Jan 2025 11:34:10  Office Staff   S.O. News Service

کاروار ، 15 / جنوری (ایس او نیوز) گزشتہ چار سال سے التوا میں پڑے ہوئے ضلع اور تعلقہ پنچایت کے انتخابات امسال اپریل اور مئی میں منعقد ہونے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔ اس دوران یہ بات بھی سننے میں آ رہی ہے کہ ان انتخابات میں ووٹنگ کے لئے ای وی ایم کے بجائے بیلیٹ پیپر استعمال کیا جائے گا ۔
    
ریاستی الیکشن کمشنر جی ایس سنگریشی نے بیلگاوی میں بتایا کہ اپریل اور مئی میں ضلع اور تعلقہ پنچایت کے انتخابات منعقد کرنے کے تعلق سے ریاستی حکومت نے مشورہ دیا ہے ۔ اس سے قبل ریاستی حکومت کی طرف سے علاقہ وار امیدواری کے لئے ریزرویشن کی فہرست ریاستی الیکشن کمیشن کو پیش کرنا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا ۔ اسی بیچ رائے دہندگان کی فہرست بھی تیار کرنا ہے ۔ 
    
خیال رہے کہ ضلع اور پنچایت انتخابات کا معاملہ ریاستی ہائی حکومت میں زیر سماعت ہے، جس پر اسی مہینے کی 29 تاریخ کو ریاستی حکومت کی طرف سے جواب داخل کیا جائے گا اور اس میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ اور ریزرویشن کے تعلق سے تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں گی ۔ اس کے بعد ریاستی حکومت ریزرویشن کی فہرست ریاستی الیکشن کمیشن کو سونپے گی ۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری ہوگا ۔ ان تمام کارروائیوں کے لئے کم از کم ڈیڑھ دو مہینے کا وقت درکار ہے ۔ چونکہ طلبہ کے امتحانات زیادہ تر مارچ  کے آخر تک پورے ہو جاتے ہیں اس لئے کہا جا رہا ہے کہ ضلع اور تعلقہ پنچایت کے انتخابات اپریل اور مئی میں منعقد ہونگے ۔
    
دوسری طرف یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آنے والے ضلع اور تعلقہ پنچایت انتخابات میں ریاستی الیکشن کمیشن ووٹنگ مشین [ای وی ایم] کے بدلے بیلیٹ پیپر کا استعمال کرے گا، اور ریاستی حکومت بھی یہی چاہتی ہے ۔ اب ووٹنگ کے لئے مشین یا پھر بیلیٹ پیپر کے استعمال کرنے کے بارے میں سیاسی پارٹیوں کے اندر بحث چل رہی ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ بی جے پی کا رجحان ای وی ایم کے حق میں ہے تو برسرِ اقتدار کانگریس ضلع اور تعلقہ پنچایت کے دونوں انتخابات میں ای وی ایم کے خلاف اور بیلیٹ پیپر کے حق میں ہے ۔ اس کے علاوہ ریاستی الیکشن کمشنر نے بھی بیلیٹ سے انتخابات کی پوری حمایت کی ہے ۔ اس وجہ سے اس مرتبہ ضلع اور تعلقہ پنچایت کے انتخابات میں ووٹنگ مشین کے بجائے بیلیٹ پیپر استعمال ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔


Share: