کاروار، 15 / جنوری (ایس او نیوز) اڈپی ضلع کے ملپے سے مہاراشٹرا کے سمندر میں مچھلی کا شکار کرنے کے لئے جانے والی کشتی پر موجود بھٹکل سے تعلق رکھنے والے 8 ماہی گیروں پر مہاراشٹرا پولیس کی زیادتیوں کے علاوہ ان پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کی بات سامنے آئی ہے ۔ اس پر ریاست کے ماہی گیروں نے سخت ناراضگی جتائی ہے ۔
کرناٹکا کے ساحلی علاقے سے ماہی گیر ریاستی سرحدوں سے باہر گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لئے گوا اور مہاراشٹرا کی طرف اکثر جاتے آتے رہتے ہیں ۔ اس طرح مچھلیوں کا شکار کرنے کے لئے کرناٹکا کے ساحلی اضلاع سے سیکڑوں کشتیاں روانہ ہوتی ہیں۔ ان میں ایک بڑی تعداد اڈپی، منگلورو، ملپے جیسی بندرگاہوں سے نکلنے والی کشتیوں کی بھی ہوتی ہے ۔ ان کشتیوں میں اتر کنڑا کے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ جیسے علاقوں کے رہنے والے ماہی گیر بھی ہوتے ہیں ۔
کرناٹکا سے باہر دیگر ریاستوں کے سمندری علاقوں میں مچھلیوں کا شکار کرکے واپس لوٹنے والے ماہی گیروں کے ساتھ اکثر و بیشتر مسائل پیش آتے ہیں ۔ گزشتہ چند برسوں سے ان ماہی گیروں پر بار بار حملہ ہونے کے بھی واقعات سامنے آ رہے ہیں ۔ اور وہاں کی حکومتوں کی طرف سے کرناٹکا کے ماہی گیروں پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد کرنے اور کشتیاں ضبط کرنے کے بھی معاملے پیش آتے ہیں ۔
اسی طرح کا ایک تازہ معاملہ سامنے آیا ہے جس میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے 8 ماہی گیروں پر مہاراشٹرا پولیس نے قتل کرنے کی کوشش کا جھوٹا معاملہ درج کیا ہے ۔ ان ماہی گیروں کو ایک ہفتے تک قید میں رہنے کے بعد ضمانت پر رہائی ملی ہے ۔ اس کے خلاف ریاست کے ماہی گیروں نے سوال کھڑے کیے ہیں اور ریاستی حکومت سے اس ضمن میں کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
بھٹکل میں اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر ماہی گیری منکال وئیدیا نے کہا کہ دیش کے کسی بھی حصے میں مچھیروں کو مچھلیوں کا شکار کرنے کی اجازت ہے ۔ ہماری ریاست کے مچھیرے قانون کی خلاف ورزی نہیں کر رہے ہیں ۔ لیکن بیرونی ریاستوں میں ہماری ریاست کے ماہی گیروں پر ہو رہے حملوں کو آنے والے دنوں میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اگر اس پر روک نہیں لگی تو پھر بیرونی ریاستوں سے یہاں آنے والے ماہی گیروں کے خلاف معاملات درج کرنا اور اسی قسم کے قدم اٹھانا ہمارے لئے ضروری ہو جائے گا ۔ ہم اس کے خلاف سخت اقدامات کریں گے اور گوا اور مہاراشٹرا جیسی بیرونی ریاست کے ماہی گیروں کو ہماری سرحدوں سے گزرنے نہیں دیا جائے گا ۔ اس کے لئے وہاں کی حکومتیں، وہاں کے محکمہ ماہی گیری اور مچھیرے ذمہ دار ہونگے۔ اس لئے بیرونی ریاستوں کے ماہی گیر بھائی چارگی کے ساتھ مچھلی کا شکار کرنے کے مواقع فراہم کریں تو بہتر ہے ۔