ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : کئیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں خالی اسامیوں کے لئے بھرتی - کنڑیگا افراد کو نظر انداز کرنے کا الزام - رکن پارلیمان کاگیری نے دیا فوری کارروائی کا تیقن

کاروار : کئیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں خالی اسامیوں کے لئے بھرتی - کنڑیگا افراد کو نظر انداز کرنے کا الزام - رکن پارلیمان کاگیری نے دیا فوری کارروائی کا تیقن

Sat, 15 Mar 2025 13:13:22    S O News

کاروار،  15 / مارچ (ایس او نیوز) شہر کے کئیگا میں واقع نیوکلیئر پاور پلانٹ [جوہری توانائی پیدا کرنے کے مرکز] میں مختلف زمروں میں  خالی اسامیوں کو بھرتی کرنے کے لئے جو اشتہارات  جاری کیے گئے ہیں اس کے بارے میں الزام سامنے آیا ہے کہ کنڑیگاس اور خاص کرکے ضلع اتر کنڑا کے افراد کو ان عہدوں سے دور رکھنے کے لئے ان اشتہارات کو جان بوجھ کر  کنڑا زبان میں شائع نہیں کیا گیا ہے ۔
    
نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا کی طرف سے ہندی اور انگریزی میں جاری کیے گئے اشتہار کے مطابق سائنٹفک اسسٹنٹ سے لے کر ٹیکنی شیئن، پیرامیڈیکس سمیت 391 اسامیوں کی بھرتی کے لئے درخواستیں طلب کی گئیں ہیں ۔ معترضین کا الزام ہے کہ کئیگا میں عہدوں پر فائز دیگر ریاستوں کے افسران نے کنڑیگاس کو ان عہدوں سے دور رکھنے کے مقصد سے یہ اشتہار کنڑا میڈیا میں شائع نہیں کیا ہے ۔ البتہ اتر پردیش، تملناڈو، تلنگانہ اور کیرالہ کے میڈیا میں اسے شائع کیا گیا ہے تاکہ وہاں کے لوگ اس میں زیادہ سے زیادہ بھرتی ہو سکیں ۔ 
    
الزام یہ بھی ہے کہ  کئیگا پاور پلانٹ میں اس وقت بیرون ریاست کے اسامیوں کی بھرمار ہے ۔ تقریباً بڑے عہدوں پر بیرون ریاست کے افراد فائز ہیں ۔ یہ عہدے مقامی افراد کو نہیں ملتے بلکہ اتر پردیش کے ہندی بولنے والوں کے علاوہ  تیلگو، ملیالم اور تمل بولنے والوں کا غلبہ ہوتا ہے ۔ مبینہ طور پر اس کے لئے باضابطہ ایک لابی موجود ہے ۔ 
    
رکن پارلیمان کاگیری کا تیقن : کینرا ایم پی وشویشور ہیگڈے کاگیری  نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ابھی میرے علم میں آئی ہے ۔ کسی بھی قیمت پر مقامی اور کنڑیگاس کے ساتھ نا انصافی ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ روزگار کے معاملے میں مقامی لوگوں کے ساتھ بھید بھاو ہونے کا جو الزام سامنے آ رہا ہے اس تعلق سے  نیوکلیئر پاور کارپوریشن اور کئیگا جوہری توانائی مرکز کے ذمہ داران سے میں نے بات کی ہے اور مقامی لوگوں کے مفاد کا خیال رکھنے کے لئے کہا ہے ۔ این سی پی ایل کے افسران نے روزگار کے تازہ نوٹی فکیشن  کو ریاست کے تمام اخبارات میں شائع کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ 
    
کئیگا پاور پلانٹ میں اسامیوں کی بھرتی کے لئے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اعلان کردہ زمروں میں  اہل افراد کی طرف سے آن لائن درخواست داخل کرنے کی تاریخ 12 مارچ سے یکم اپریل 2025 ہے ۔ اسامیوں کے زمروں اور دیگر ضروری معلومات این پی سی آئی ایل کے ریکروٹمنٹ پورٹل سے حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ 


Share: