کاروار ، 15 / جنوری (ایس او نیوز) گنگولی کی مومن نجمہ کی ملکیت والی 'سی ہنٹر' نامی ماہی گیر کشتی کاروار ساحل سے 9 ناٹیکل میل کی دوری پر سمندر میں غرقاب ہوگئی جس کے دوران کشتی پر موجود 8 مچھیروں کو بحفاظت بچا لیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ کشتی ملپے بندرگاہ سے مہاراشٹرا کے سمندر میں مچھلیوں کے شکار پر نکلی تھی ۔ اس دوران کاروار کے قریب سمندر کی تہہ میں کسی نامعلوم چیز سے ٹکرانے کے بعد کشتی کی نچلی سطح پر ویلڈنگ کھل گئی اور پانی کشتی کے سامنے والے حصے میں اندر گھسنے لگا ۔ پانی خالی کرنے کی لاکھ کوششوں کے بعد بھی اس پر قابو نہیں پایا جا سکا اور کشتی کو غرقاب ہونے سے بچانا ناممکن ہوگیا ۔
کشتی کو ڈوبتے دیکھ کر آس پاس موجود دوسری کشتیاں مدد کو پہنچیں اور تانڈیل یوگیش رام کرشنا ہری کانتا سمیت آٹھ ماہی گیروں کو بچانے کے بعد بیت کول بندرگاہ پر لایا گیا ۔ کشتی کی غرقابی کی وجہ سے ایک کروڑ روپے زائد نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔
کاروار کوسٹل پولیس اسٹیشن میں اس ضمن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔