
کاروار ،19 / فروری (ایس او نیوز) ضلع اتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے سٹی میونسپل کاونسل، ٹاون میونسپل کاونسل اور پٹن پنچایت کے افسران کو ہدایت دی کہ ان کی حدود میں موجود غیر قانونی (unauthorised) جائدادوں کو قانونی شکل دینے کے لئے ان جائدادوں کے مالکان سے ضروری دستاویزات حاصل کرکے انہیں ای کھاتہ فراہم کرنے کا کام 3 مہینوں کے اندر پورا کریں ۔
ڈی سی نے ریاست میں غیر قانونی جائدادوں کو ای کھاتہ فراہم کرنے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے ذریعے منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں شرکت کے بعد اپنے دفتر میں بلدی اداروں کے افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی جائدادوں کو بھی قانونی شکل دینے اور ای کھاتہ فراہم کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت نے قانونی میں ترمیم کی ہے ۔ اس لئے غیر قانونی جائدادوں کے مالکوں سے ضروری دستاویزات حاصل کرکے سات دنوں کے اندر انہیں ای کھاتہ فراہم کرنا ہوگا ۔ اس کام کے لئے تمام شہری بلدی اداروں [اربن لوکل باڈیز] میں ہیلپ ڈیسک قائم کرتے ہوئے عوام کو ضروری معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ضروری بیداری لانے کی کارروائی کرنی ہوگی ۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو یہ ہدایت بھی دی کہ ضلع کے شہری بلدی اداروں کے حدود میں موجود غیر قانونی جائدادوں کی نشاندہی کرنے کا کام دو دن کے اندر ہونا چاہیے ۔ اس کے لئے ہیسکام اور ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے ڈاٹا سے تفصیل حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے سخت تاکید کرتےہوئے کہا کہ ای کھاتہ فراہم کرنے کے معاملے میں کسی بھی مرحلہ پر ایجنٹ کی مداخلت بالکل نہیں ہونی چاہیے ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی ساجد ملا اور ضلع کے تمام شہری بلدی اداروں کے میونسپل کمشنرس اور چیف آفیسرس موجود تھے ۔