کاروار، 3 جون (ایس او نیوز) : محکمہ موسمیات اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سنٹر، بنگلورو کی پیش گوئی کے مطابق اتر کنڑا ضلع میں 4 اور 5 جون کو درمیانی درجے جبکہ 6 سے 10 جون کے درمیان موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے ضروری احتیاطی اور پیشگی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ضلع انتظامیہ کی جانب سے مانسون سے قبل تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ضلع بھر میں 294 ریلیف مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے اور ہر مرکز کے لیے نوڈل افسر مقرر کیے گئے ہیں۔
جیولوجیکل سروے آف انڈیا (GSI) کی جانب سے ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے 439 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان مقامات کی مسلسل نگرانی کے لیے اسپاٹرز مقرر کیے گئے ہیں اور انہیں تربیت دینے کا عمل جاری ہے۔
مقامی بلدیاتی اداروں نے نالوں کی صفائی اور گاد نکالنے کے پہلے مرحلے کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ بارش کی شدت کے مطابق یہ کام جاری رکھا جائے گا۔ سرکاری اسکولوں، آنگن واڑی مراکز، بنیادی مراکز صحت، طلبہ ہاسٹلز اور دیگر سرکاری عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
بی ایس این ایل اور ہیسکام نے بھی مون سون کے دوران درکار سامان کا ذخیرہ کر لیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (DEOC) چوبیس گھنٹے فعال رہے گا اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی یا تعلقہ سطح کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ مراکز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اور ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن کے. لکشمی پریا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام موسمی صورتحال سے متعلق ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات اور انتباہات پر عمل کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔