کاروار 2 / جنوری (ایس او نیوز) سال نو کا جشن منانے کے دوران شراب کے نشے میں گاڑیاں چلانے کے 105 معاملوں سمیت دیگر قانونی خلاف ورزیوں کے لئے پولیس نے ایک ہی رات میں جملہ 754 کیس درج کیے اور 13 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ لگا گیا۔
پولیس کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد پر جشن منانے کے دوران قانون کی پابندی اور امن و امان کی بحالی کے ساتھ ناشائستہ حرکتوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ضلع پولیس کی طرف سے حساس مقامات اور سیاحتی مراکز پر سخت نگرانی اور حفاظتی بندوبست کے لئے عملے کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اسی کے ساتھ ہائی ویز سے گزرنے والی گاڑیوں پر بھی کڑی نگاہ رکھی گئی تھی ۔ وھیلنگ اور انتہائی تیز رفتاری سے چلائی جانے والی گاڑیوں پر خصوصی نظر رکھی گئی تھی تا کہ جان لیوا حادثات کے امکانات کم ہوں ۔ اس کے پولیس نے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی تھیں ۔ بعض اہم مقامات پر بیریکیڈس بھی لگائے گئے تھے ۔
پولیس نے بتایا کہ نئے سال کے جشن کی رات میں قانون کی خلاف ورزیوں کے زیادہ تر معاملے بھٹکل، گوکرن، ہوناور اور کمٹہ کے علاقے میں پیش آئے ۔ شراب کے نشے میں گاڑیاں چلانے والے 105 افراد کو نوٹس دے کر معاملہ عدالت میں بھیجا گیا ہے ۔ وہاں سے جو بھی جرمانہ طے ہوگا، وہ وصول کیا جائے گا ۔ غیرقانونی برتاو اور حد سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ گاڑیاں چلانے کے 649 معاملے درج ہوئے جس سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ وصول ہوا ۔ جبکہ شراب کے نشے میں دھت ہو کر گاڑیاں چلانے کے معاملے میں جو جرمانہ لگنے والا ہے اس کا اندازہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔ اس طرح ایک ہی رات میں ضلع کے اندر قانون کی خلاف ورزیوں کے لئے پولیس نے قصوروار افراد پر 13 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ لگایا ہے ۔