ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں حجاب پر پابندی برقرار؛ حکومت کے روئے پر مسلم طالبات کی تشویش میں اضافہ

کرناٹک میں حجاب پر پابندی برقرار؛ حکومت کے روئے پر مسلم طالبات کی تشویش میں اضافہ

Sat, 08 Feb 2025 13:32:24    S.O. News Service
کرناٹک میں حجاب پر پابندی برقرار؛ حکومت کے روئے پر مسلم طالبات کی تشویش میں اضافہ

بنگلورو، 8/فروری (ایس اونیوز/ایجنسی) کرناٹک میں پچھلی بی جے پی حکومت کے دوران مسلم طالبات کے حجاب پر عائد کی جانے والی پابندی کے معاملے پر موجودہ کانگریس حکومت کا رویہ محتاط نظر آرہا ہے۔ جب کانگریس مئی 2023 میں اقتدار میں آئی تھی، تو اس وقت کے کانگریس رہنماؤں نے حجاب پر پابندی کی شدید مخالفت کی تھی اور اسے بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست قرار دیا تھا۔ تاہم، کانگریس کی حکومت کے 20 ماہ گزرنے کے باوجود، وہ اس پابندی کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے اور ابھی تک اس بارے میں کوئی واضح فیصلہ نہیں لیا گیا۔

ریاست میں جب بورڈ امتحانات قریب آئے، تو وزیر تعلیم مدھو بنگاریا نے یہ وضاحت دی کہ حکومت نے اس مسئلے پر ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے منگل کے روز کہا کہ ایس ایس ایل سی امتحانات کے دوران طالبات کو حجاب پہننے کی اجازت دینے یا نہ دینے پر مکمل غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ اس بیان کے بعد مسلم طالبات اور اساتذہ میں مزید تشویش بڑھ گئی ہے۔

بنگلورو کے ایک سرکاری اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کا وقت قریب ہے اور اس حوالے سے واضح رہنما خطوط کی ضرورت ہے تاکہ امتحان کے دنوں میں کوئی الجھن نہ ہو۔ گزشتہ بی جے پی حکومت نے 2022 میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کی تھی تاکہ اسمبلی انتخابات سے پہلے مسلم مخالف ماحول پیدا کیا جا سکے اور اس سے انتخابی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ لیکن عوامی سطح پر بی جے پی کے اس اقدام کی سخت مخالفت کی گئی، اور سیکولر ووٹروں نے اس کا جواب دیا، جس کے نتیجے میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا۔


Share: