بنگلورو، 15/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے گدگ یں پولیس کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے ایک گھر سے تقریباً 5 کروڑ روپے کی نقدی اور 992 گرام سونا بر آمد کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کرناٹک پولس نے سود پر قرض دینے والے پالپا مسکین کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران 4 کروڑ 90لاکھ 98 ہزار روپے کی نقدی ضبط کر لی گئی۔ اس کے علاوہ 992 گرام سونا بھی ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس نے یلپا مسکین سمیت چھ افراد کو بھی گرفتار کیا ہے ، جو قرض دینے میں ملوث تھا۔ گدگ ایس پی بی ایس نیمگوڈا نے کہا کہ پولیس نے دو دنوں میں 13 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ اس کارروائی کے دوران نقدی اور سونا ضبط کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ کئی کا غذات بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ ایس پی بی ایس نیما گوڈا کے مطابق، پولیس نے 65 لیٹر غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی شراب کے ساتھ 650 بانڈز ، چار بینک اے ٹی ایم، نو بینک پاس بک اور دو ایل آئی سی بانڈ ضبط کیے۔
پولیس کے مطابق یلپا مسکین کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی۔ شکایت کنندہ کے مطابق، اس نے یلپا سے 1.90 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا اور 1.4 کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کی تھی۔ صرف 50 لاکھ روپے کی رقم ادا کرنی تھی۔ شکایت کنند و نے الزام لگایا کہ قرض کی بھاری رقم ادا کرنے کے بعد بھی یل پانے اسے دھمکایا اور اس کی جائیداد کا کچھ حصہ اس کے نام پر منتقل کر دیا۔ ملزم نے شکایت کنندہ کو اس کی طرف سے دیے گئے بینک چیک اور مالیاتی بانڈ کا غلط استعمال کر کے ہراساں کیا، جس کے بعد اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ فی الحال پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔